کانگریس رہنما ادھیر رنجن چوہدری: ’انڈیا کے وِنگ کمانڈر ابھینندن کی مونچھوں کو قومی مونچھ قرار دیا جائے‘


ہر ملک کا قومی ترانہ ہوتا ہے۔ قومی کھیل، پہناوا، پکوان، ان سب کے بارے میں بھی سنا ہے۔ قومی جانور، پرندہ، یہاں تک کہ پھول بھی۔ چلیں ٹھیک ہے۔ لیکن کیا آپ نے کبھی قومی مونچھ کے بارے میں سنا ہے؟ ہم مذاق نہیں کر رہے۔ سنجیدہ ہیں۔۔۔

ہوا یوں کہ انڈین پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں میں کانگریس پارٹی کے سربراہ ادھیر رنجن چوہدری وِنگ کمانڈر ابھینندن وردھمان کی تعریف کر رہے تھے اور انھیں خراج تحسین پیش کر رہے تھے۔

وِنگ کامنڈر ابھینندن یاد ہیں ناں آپ کو؟ انڈین ائیر فورس کے وہ پائلٹ جن کا طیارہ پاکستانی ہوائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تباہ کر دیا گیا تھا اور انھیں پاکستان نے حراست میں لے لیا تھا لیکن پھر کچھ دن بعد پاکستان نے انہیں انڈیا کے حوالے کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی اشتہار میں ابھینندن کے مذاق پر انڈین شائقین ناراض

’مونچھیں ہوں تو ابھینندن جیسی ورنہ نہ ہوں۔۔۔‘

’یہ ابھینندن نہیں کوئی اور ہے‘

ادھیر رنجن نے لوک سبھا میں یہ کہا کہ وِنگ کمانڈر ابھینندن کو ان کی بہادری کے لیے انعام دیا جانا چاہیے۔ لیکن وہ یہ کہہ کر رکے نہیں۔ اس کے بعد انہوں نے ونگ کمانڈر کی مونچھوں کی تعریف کی اور کہا کہ ’اُن کی مونچھ کو قومی مونچھ قرار دیا جانا چاہیے۔‘

کیا خیال ہے؟ قومی مونچھ؟ ایک بار پھر اس سے پہلے آپ کچھ کہیں آپ کو یہ بتا دیتے ہیں کہ اس پر دوسرے کیا کہہ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے تو ظاہر ہے ان کی یہ بات ٹوئٹر پر آ ہی گئی۔

انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی نے جب یہ خبر ٹویٹ کی تو اس کے بعد کیا ہوا ہوگا آپ کسی حد تک تو اندازہ لگا ہی سکتے ہیں۔۔۔

روزی نے لکھا، ’قومی مونچھ؟ اس کے بعد کیا – قومی داڑھی؟ ویسے ادھیر رنجن نے خود ابھینندن مونچھ کیوں نہیں رکھی؟‘

https://twitter.com/rose_k01/status/1143101682374496256

نہاریکا ساہو نے لکھا، ’لگتا ہے جذبات میں بہہ گئے۔۔ کچھ زیادہ ہی کہہ گئے۔۔۔ قومی مونچھ!‘

https://twitter.com/niharikasahoo/status/1143099026083942400

وگیشا سونی نام سے ٹوٹر ہینڈل نے لکھا، قومی مونچھ! کوئی پلیز ان لوگوں کو بھارت رتنہ کا اعزاز دے۔ کہاں سے لے آتے ہیں ایسے انوکھے آئیڈیاز!‘

https://twitter.com/vagishasoni/status/1143106887841267713

ویسے آپ کو پتہ ہے کہ ادھیر رنجن صاحب نے اس خطاب میں صرف مونچھوں کے ہی نہیں، وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں بھی ایسی بات کہی کہ ایک اور تنازع کھڑا ہو گیا اور سپیکر سے ان ریمارکس کو حذف کرنے کو کہا گیا، مگر وہ ایک الگ کہانی ہے!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp