امریکہ ایران کشیدگی: امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کی سعودی بادشاہ شاہ سلمان سے ملاقات


سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران جدہ میں امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی ہے۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دونوں دوست ممالک کے سٹریٹیجک تعلقات پر بات چیت ہوئی۔

مزید پڑھیے

متعدد ایئر لائنز کا ایرانی فضائی حدود سے گریز

امریکہ کے ایران پر حملے کا پاکستان کے لیے کیا مطلب ہو گا؟

امریکہ، ایران اور خلیج: آگے کیا ہو سکتا ہے؟

‘ہم کسی خطرے سے نمٹنے میں پس و پیش نہیں کریں گے’

ملاقات کے دوران دونوں سعودی عرب میں امریکہ کے سفیر، سعودی وزیرِ خارجہ اور دیگر سرکاری اہلکار بھی موجود تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے 2015 کے معاہدے کو یکطرفہ طور پر منسوخ کرنے کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

20 جون کو ایران نے امریکہ کا بغیر پائلٹ کا ڈرون مار گرایا تھا۔ جس کے بعد دونوں ممالک نے تسلیم تو کیا کہ ڈرون مار گرایا گیا ہے لیکن یہ کہاں ہوا اس پر دونوں متفق نہیں تھے۔ ایران کا دعویٰ ہے کہ ایک بغیر پائلٹ کا طیارہ اس کی فضائی حدود میں داخل ہوا جبکہ امریکہ کا موقف ہے کہ اس کے طیارے کو بین الاقوامی فضائی حدود میں گرایا گیا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق ایران کی جانب سے امریکی فوجی ڈرون گرائے جانے کے بعد امریکی فوج ایران کے خلاف جوابی کارروائی کے لیے تیار تھی تاہم انھوں نے صرف دس منٹ پہلے اپنا ارادہ بدل دیا۔

آئل ٹینکر

کشیدگی میں اضافہ خلیجِ عمان میں تیل کے ٹینکروں پر حملوں کے بعد دیکھنے میں آیا

امریکی ٹی وی چینل این بی سی سے جمعے کو بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امریکہ بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن وہ ایران کو جوہری ہتھیار نہیں بنانے دے گا۔

ایران اور امریکہ: ایک پرانی لڑائی

دونوں ممالک کے درمیان ایک عرصے سے کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ امریکہ نے حال ہی میں خطے میں تیل کے ٹینکروں پر حملے کا الزام ایران پر عائد کیا ہے جبکہ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی اپنے جوہری پروگرام کی حد میں اضافہ کرے گا۔

امریکہ نے ایران کے مسئلے پر غور کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا اجلاس پیر کو طلب کیا ہے۔

امریکہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق امریکہ نے جمعرات کو صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران پر فضائی حملے کرنے کا حکم واپس لینے کے بعد ایرانی ہتھیاروں کے نظام کو سائبر حملے کا نشانہ بنایا تھا۔

مزید پڑھیے

خلیجِ عُمان میں ٹینکرز پر ’حملے کا ذمہ دار ایران‘

ایران نے بارودی سرنگیں استعمال کیں: امریکی الزام

مظاہرہ

امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکہ کی فوجی دھمکی کے بعد واشنگٹن میں جنگ مخالف مظاہرہ کیا جا رہا ہے

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ ہے کہ اس سائبر حملے کی مدد سے اُن کمپیوٹر سسٹمز کو متاثر کیا گیا جن سے راکٹ اور میزائل لانچر کنٹرول کیے جاتے ہیں۔

آزاد ذرائع سے اس کمپیوٹر نظام کو نقصان پہنچنے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق یہ سائبر حملہ ایران کی جانب سے امریکی ڈرون گرائے جانے اور خلیجِ عمان میں تیل کے ٹینکرز پر حملے کے ردِعمل میں کیا گیا۔

امریکہ کے مطابق آئل ٹینکرز پر حملوں کے پیچھے ایران ہے، مگر ایران نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

دوسری جانب امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے یروشلم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران پر عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کی تفصیلات ممکنہ طور پر پیر تک سامنے آ جائیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘ایران کو مشرق وسطی میں شکار کرنے کا لائسنس’ کسی نے نہیں دیا۔

امریکی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے مبینہ سائبر حملے کی منصوبہ بندی کئی ہفتوں سے کی جارہی تھی۔

ذرائع کے مطابق حکام کی جانب سے یہ مشورہ دیا گیا تھا کہ خلیجِ عمان میں تیل کے ٹینکرز پر ہونے والے بارودی سرنگوں کے حملے کا جواب اِس طریقے سے دیا جا سکتا ہے۔

سنہ 2015 میں عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدے کے بعد ایران کے افزودہ کیے گئے یورینیئم کی ایک حد مقرر کی گئی تھی۔ جس کے بدلے میں کچھ پابندیاں ختم کی گئی تھیں اور ایران تیل کی برآمد کر سکتا تھا جو ایرانی حکومت کا بڑا ذریعہ آمدن ہے۔

لیکن امریکہ نے یہ معاہدہ گذشتہ برس ختم کر دیا اور پابندیاں پھر سے عائد کر دیں۔ اس کی وجہ سے ایران میں معاشی بحران آیا، اس کی کرنسی ریکارڈ حد تک گر گئی اور وہاں سے غیر ملکی سرمایہ کار بھی دور ہوئے۔

ایران نے بھی جوہری معاہدے کے تحت کیے وعدوں سے ہٹنے کا اعلان کر رکھا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp