پاکستانی اداکارہ میرا: ’میں آج کل آئینے میں باجی کو دیکھتی ہوں، باجی میرے اندر سمائی ہوئی ہے‘


پاکستان کی معروف اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ ان کی آنے والی فلم ’باجی‘ میں ان کے کردار کو جھانکا جا سکتا ہے۔ اس لیے کہ وہ کہیں نہ کہیں اس کردار کو بیان کر سکتی ہیں۔

بی بی سی کی فیفی ہارون کو انٹرویو دیتے ہوئے فلمسٹار میرا کا کہنا تھا کہ فلم ’باجی‘ ایک سپر سٹار کی کہانی ہے جس میں بہت ساری کہانیاں ہیں۔

انھوں نے بتایا ’اس فلم کو جس طرح ڈائریکٹر نے سوچا ہے اگر وہ کہانی کو اس طرح بنانے میں کامیاب ہو گئے تو میرے خیال سے تبھی آپ کا سینما کے ساتھ رشتہ بن سکتا ہے۔‘

میرا کے مطابق بہت ساری فلمیں بنتی ہیں لیکن شائقین اور سینما کے ساتھ رشتہ نہیں بن پاتا کیونکہ فلم کو بنانا، کرداروں کے اندر جا کر ان کے کریکٹرز کو باہر نکالنا اور اس کی گہرائی میں جانا ایک بہت ہی مشکل کام ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’عتیق الرحمان ہی میرا کے حقیقی شوہر ہیں‘

’میرا کا نکاح پہ نکاح ثابت ہوا تو ذمہ دار وہ خود ہوں گی‘

ایک سوال کہ آپ فلم باجی کے ڈائریکٹر ثاقب ملک کے ساتھ کس طرح کام کرتی ہیں کے جواب میں میرا نے کہا ڈائریکٹر اور ایکٹر کا رشتہ یہ ہے کہ وہ آپ کو سمجھیں اور آپ ان کو سمجھیں۔ میرا خیال ہے کہ وہ رشتہ ہم دونوں بنا پائے کیونکہ ثاقب ملک پرفیکشنسٹ ہیں۔

ایک سوال کہ آپ نے انڈیا میں کام کیا، آپ نے لالی وڈ میں کام کیا، اب آپ ان نئے ڈائریکٹروں کے ساتھ کام کر رہی ہیں تو آپ کو کچھ فرق محسوس ہوا کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ فرق ہے۔

’میں کبھی کسی کے کام کو برا نہیں کہنا چاہتی، میں یہ نہیں کہوں گی کہ میں نے پہلے اچھا کام نہیں کیا لیکن میں صرف اتنا ضرور کہنا چاہوں گی کہ ثاقب ملک بہت زیادہ تفصیل اور بہت باریکی سے کام کرتے ہیں۔‘

’جب میں باجی فلم شوٹ کر رہی تھی تو مجھے ایسا لگتا تھا کہ یہ میری زندگی ہے اور یہ تو میں ہی ہوں۔‘

ایک سوال کے جواب میں کہ کیا آپ آسانی کے ساتھ دھوکا کھاتی ہیں میرا نے بتایا کہ وہ بہت آسانی سے دھوکہ کھاتی ہیں اور لوگوں نے انھیں بہت زیادہ دھوکے دیے ہیں۔

میرا نے یہ بھی بتایا کہ جب کوئی انھیں دکھ پہنچاتا ہے یا جب وہ تکلیف میں ہوتی ہیں تو وہ کسی سے بھی بات نہیں کرتیں، تاہم انھوں نے کہا: ‘میں لوگوں سے اچھی باتیں شیئر کرتی ہوں۔ میں لوگوں کو خوشی دینے کی کوشش کرتی ہوں لیکن کبھی کسی سے مدد نہیں مانگتی ہوں۔’

فلم باجی میں میرا تین ہیروز کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور تینوں ہی جوان اور خوبصورت ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کی علی اور عثمان میں سے کس کے ساتھ سٹرانگ کیمسٹری تھی تو میرا نے کہا کہ ان کی سب کے ساتھ سٹرانگ کیمسٹری تھی کیونکہ وہ تینوں پروفیشنل تھے۔

بی بی سی کی فیفی ہارون نے جب ان سے پوچھا کہ کیا کبھی انھوں نے ڈوب کے عشق کیا ہے تو میرا نے بتایا: ’میرے خیال سے میں نے اپنے کام کے ساتھ عشق کیا ہے۔ کسی اور کے ساتھ عشق کرنے کا کبھی ٹائم ہی نہیں ملا کیونکہ عشق کرنے کے لیے آپ کے پاس بہت زیادہ وقت ہونا چاہیے۔ اصل زندگی، فلمی زندگی سے بہت مختلف ہے۔ آپ کو اصل زندگی جینا پڑتی ہے اور زندگی کو جینے کے لیے آپ کو قربانی دینا پڑتی ہے۔‘

میرا نے یہ بھی کہا کہ ان کی زندگی میں ایسے بہت سے موڑ آئے جب انھوں نے اپنے کریئر کو منتخب کیا اور بہت سی دوسری چیزوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

’کبھی پیچھے مڑ کر دیکھتی ہوں تو اس وقت میں نے اپنے کریئر کے بارے میں سوچا۔ اگر میں اس زندگی کو جیتی تو آج میں باجی فلم نہ کر رہی ہوتی۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ آپ کو زندگی میں سب کچھ ملے، کچھ پانے کے لیے کچھ کھونا پڑتا ہے۔‘

میرا کے مطابق فلم ’باجی‘ میں ان کی بھی جھلک ہے۔ میرا نے بتایا کہ اس فلم میں ’بہت سی پرانی اداکارائیں جو کہ اب اس دنیا میں نہیں ہیں جیسا کہ مینا کماری صاحبہ، ان کی زندگی کو آپ پڑھیں، مدھو بالا صاحبہ ان کی زندگی کو آپ دیکھیں، پھر مارلن منرو اور مائیکل جیکسن کی زندگی کو دیکھیں، کتنے بڑے سٹارز، کتنے بڑے لوگ۔ جب آپ ’باجی‘ فلم کو دیکھیں گے تو آپ بہت سارے سٹارز کی زندگی میں جھانک پائیں گے۔‘

میرا کے بقول ’میں آئینے میں آج کل باجی کو دیکھتی ہوں، باجی میرے اندر سمائی ہوئی ہے۔‘

میرا سوشل میڈیا پر بھی بہت ایکٹو ہیں اور وہاں بہت زیادہ وقت گزارتی ہیں۔ وہ سلمان خان اور شاہ رخ کو ٹیگ کرتی ہیں، ثاقب ملک کو ٹیگ کرتی ہیں اور عمران خان کو بھی ٹیگ کرتی ہیں۔

اس بارے میں میرا کا کہنا تھا: ’ان لوگوں کے اندر کچھ خاص ہے کیونکہ میرے خیال سے میں بھی ان کی طرح سوچ سکتی ہوں۔ میں ان کی سوچ سے متاثر ہوں مجھے لگتا ہے کہ یہ بہترین لوگ ہیں کیونکہ یہ وہ لوگ ہیں جو کچھ بدلنا چاہتے ہیں، کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ میں کچھ بڑا کرنا چاہتی ہوں، کچھ نیا کرنا چاہتی ہوں کیونکہ جب آپ بڑا سوچیں گے تو آپ کو بڑا ملے گا۔‘

جب بی بی سی نے ان سے پوچھا کہ آیا آپ نے عمران خان کو پرپوز کیا تھا تو میرا نے جواب دیا کہ ’ہاں میں نے عمران خان کو پرپوز کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال سے آپ کوشش کر سکتے ہیں لیکن یہ ضروری نہیں ہے جو آپ چاہییں، اللہ تعالیٰ آپ کو دیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32465 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp