جی 20 سربراہی اجلاس: ٹرمپ اور شی جن پنگ کا تجارتی مذاکرات کی بحالی پر اتفاق


Trump and Xi at G20 in Osaka

صدر ٹرمپ نے چینی درآمدات پر 300 بلین ڈالر اضافی ڈیوٹی لگانے کی دھمکی دی تھی

امریکہ اور چین نے تجارتی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جس سے دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے جاری تنازعے اور عالمی معاشی بحران میں بہتری کے لیے ایک اہم اقدام سمجھا جا رہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ نے جاپان میں جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر اس معاہدے پر اتفاق کیا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بات چیت ’شاندار‘ رہی۔

واضح رہے اس سے قبل امریکی صدر نے چینی درآمدات پر 300 بلین ڈالر اضافی ڈیوٹی لگانے کی دھمکی دی تھی۔

دنیا کی دو بڑی طاقتیں امریکہ اور چین گذشتہ سال سے ایک نقصان دہ تجارتی جنگ لڑ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

تجارتی جنگ پر چین کی امریکہ کو سخت تنبیہ

امریکہ، چین کی شدت اختیار کرتی تجارتی جنگ

’اگر تجارتی جنگ کی گئی تو چین خاموش نہیں بیٹھے گا‘

صدر ٹرمپ نے چین پر اینٹولیکچوئل پراپرٹی چرانے کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ چین میں کاروبار کرنے کے لیے امریکی کمپنیوں کو تجارتی راز افشا کرنے پڑتے ہیں۔

جس کے ردِ عمل میں چین نے کاروباری اصلاحات کے لیے امریکی مطالبات کو غیر معقول قرار دیا تھا۔

مئی میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد سربراہی اجلاس سے قبل اس تنازعے نے شدت اختیار کر لی تھی۔

China's President Xi Jinping and US President Donald Trump

چین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے چینی درآمدات پر نئی ڈیوٹی نہ لگانے پر اتفاق کیا ہے

چینی صدر شی کے ساتھ اپنی ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مذاکرات بحال ہو گئے ہیں۔

رپورٹروں سے بات کرتے ہویے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا ’صدر شی کے ساتھ ہماری اچھی ملاقات رہی، بلکہ میں کہوں گا شاندار رہی۔۔ اتنی ہی اچھی جتنا اسے ہونا چاہیے تھا۔ ہم نے بہت سے امور ہر تبادلہ خیال کیا۔ مذاکرات بحال ہو گئے ہیں اور ہم دیکھیں گے کہ آگے کیا ہوتا ہے۔‘

US flag over wine country

امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ سے امریکہ میں شراب کی صنعت متاثر ہوئی ہے

چین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے چینی درآمدات پر نئی ڈیوٹی نہ لگانے پر اتفاق کیا ہے۔ تاہم امریکہ نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ دونوں فریقین کی جانب سے مذاکرات کار اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے لیکن اس کی مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنوا نے صدر شی کے ایک بیان کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’چین اور امریکہ کے مفادات جڑے ہوئے ہیں اور ان کے درمیان تعاون وسیع تر ہے۔ انھیں تنازعات اور جھگڑوں میں نہیں پڑنا چاہیے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32469 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp