مسلم لیگ (نواز) میں بغاوت: 17 صوبائی اور 9 ارکان قومی اسمبلی عمران خان سے جا ملے


وزیراعظم عمران خان سے مسلم لیگ ن کے26 ناراض ارکان نے بنی گالہ میں ملاقات کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ناراض ارکان میں سے 17 صوبائی اسمبلی اور نو قومی اسمبلی کے رکن ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے جبکہ ن لیگی ارکان اسمبلی کی قیادت ریاض حسین پیرزادہ نے کی۔

مسلم لیگی ارکان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی پارٹی قیادت کے رویے سے نالاں ہیں جس کے باعث عمران خان سے ملنے آئے ہیں، آئندہ ہفتے مزید 7 سے 8 ایم پی ایز وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، ن لیگ میں بڑا فارورڈ بلاک بننے جا رہا ہے۔ لیگی ارکان نے ملاقات کے دوران وزیر اعظم سے کہا کہ ہم آپ کے مشکل اور سخت فیصلوں کی حمایت کرتے ہیں۔ اے پی سی میں ملک کی تباہی کا فیصلہ کیا گیا ہے اس لیے ہم آپ کے پاس آئے ہیں۔

ذرائع کے مطاق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والوں میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے 17 ارکان صوبائی اور 9 اراکین قومی اسمبلی کی ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد وقت تک وزیر اعظم سے ملاقات جاری رہی۔ اس ملاقات پر رد عمل دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ایسے لوگ نقصان اٹھائیں گے۔ خیال رہے کہ بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کے 20 ارکان اسمبلی سے غائب تھے جن میں ن لیگ کے 16 اور پی پی کے 4 ارکان شامل تھے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).