مشتعل افغان شائقین کی وہاب ریاض پر حملے کی کوشش ناکام، سیکورٹی گارڈ نے حملہ آور کو دبوچ لیا


ہیڈنگلے میں پاکستان کے ہاتھوں افغانستان کی ٹیم کو شکست کے بعد افغان تماشائیوں نے جشن منانے والے پاکستانی تماشائیوں پر گرائونڈ کے اندر دھاوا بول دیا۔ کرسیوں، لاتوں اور گھونسوں کا استعمال کیا گیا۔ میچ وننگ اننگ کھیلنے والے وہاب ریاض پر گرائونڈ سے واپس آتے ہوئے افغان تماشائی نے گرائونڈ میں گھس کر حملے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی گارڈ نے تماشائی کو دبوچ لیا، دو مزید افغان تماشائی بھی گرفتار، افغان تماشائیوں نے پاکستانی صحافیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

میچ کے آغاز سے قبل ہی افغان تماشائیوں نے ہنگامہ آرائی اس وقت شروع کردی تھی جب انہوں نے پاکستانی تماشائیوں پر حملے کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، کئی افغان تماشائی ٹکٹس کے بغیر ہی میدان میں زبردستی گھس گئے اور انہوں نے اسٹیڈیم میں دوسروں کی نشستوں پر قبضہ کرلیا ، افغان تماشائیوں نے سیکورٹی اہلکاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ اسٹیڈیم کے اندر تماشائیوں کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کو طلب کر لیا گیا اور پولیس نے دو تماشائیوں کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ہنگامے کرنے والوں کو حراست میں لے رہی ہے۔

دریں اثناء ایسا کشیدہ ماحول پاک بھارت میچ میں دیکھنے میں نہیں آیا۔ جگہ جگہ ہنگامہ آرائی ہوتی رہی۔ کئی انکلوژر میں بھی تماشائیوں میں جھگڑے ہوئے۔اس دوران لاتوں گھونسوں ڈنڈوں کا استعمال ہوا۔ پولیس کو صورتحال کنٹرول کرنے میں مشکل پیش آئی۔ تماشائیوں میں زیادہ تر پاکستانی  تھے اور افغان تماشیوں کی تعداد نسبتا کم تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).