برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گے
برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس بات کا اعلان برطانوی شاہی محل کینسنگٹن پیلس کی جانب سے ایک ٹویٹ کے ذریعے کیا گیا ہے۔
ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کی وزارتِ خارجہ اور دولتِ مشترکہ کے دفاتر کی درخواست پر شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ ڈچز کیٹ مڈلٹن رواں سال موسمِ خزاں میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔
کینسنگٹن پیلس کے مطابق شاہی جوڑے کے دورہِ پاکستان سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
https://twitter.com/KensingtonRoyal/status/1145082009619972098
لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر نے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
شہزادی ڈیانا کی زندگی پر ایک نظر
’ماں کی موت کے درد جیسا کوئی درد نہیں‘
ملکۂ برطانیہ اور ان کے ہندوستانی دوست کی داستان
اپنی ٹویٹ میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان اور عوام گرم جوشی سے کینسنگٹن پیلس کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
https://twitter.com/ZakariaNafees/status/1145097946796572672
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ملکۂ برطانیہ کے دونوں دوروں کو محبت سے یاد کرتے ہیں۔
نفیس زکریا کا مزید کہنا تھا ’شاہی جوڑے کا دورہِ پاکستان، برطانیہ کے پاکستان سے قریبی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے تاریخی روابط ہیں اور برطانیہ اور پاکستان دونوں انھیں مزید مستحکم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔‘
شہزادہ ولیم ملکۂ برطانیہ کے پوتے اور شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے بڑے بیٹے ہیں۔
سنہ 2006 کے بعد سے برطانیہ کے شاہی خاندان کے کسی رکن کا یہ پہلا سرکاری دورہِ پاکستان ہو گا۔
آخری مرتبہ سنہ 2006 میں شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر پاکستان آئے تھے۔
شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال سے پہلے شہزادہ ولیم کی والدہ لیڈی ڈیانا سنہ 1991 میں خیراتی کاموں کے سلسلے میں پاکستان آئی تھیں۔
لیڈی ڈیانا نے اس دورے کے دوران کینئرڈ کالج فار وویمن، لاہور کا دورہ بھی کیا تھا۔
ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم خود بھی دو مرتبہ سنہ 1961 اور 1997 میں پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔


