کرکٹ ورلڈ کپ 2019: ’کپتان کو یقین دلایا تھا کہ ہم میچ جیت جائیں گے‘


وہاب ریاض

پاکستان کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کے دائیں ہاتھ کی انگلی پریکٹس کے دوران زخمی ہوئی تو افغانستان کے خلاف میچ میں ان کی شرکت مشکل دکھائی دے رہی تھی۔ کوچنگ سٹاف نے ان سے پوچھا کہ کھیل سکتے ہو جواب ہاں میں ملا اور پھر جو ہوا وہ سب کے سامنے تھا۔

وہاب ریاض کے ایک چھکے اور ایک چوکے نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا اور وہ 49 رنز ناٹ آؤٹ کی اہم اننگز کھیلنے والے عماد وسیم کے ساتھ سرخرو لوٹے۔

وہاب ریاض کہتے ہیں ’میچ سے قبل مجھ سے پوچھا گیا تھا کہ میں کتنا درد برداشت کر سکتا ہوں؟ کوچز کو پتہ تھا کہ اس میں فریکچر ہے میں نے جواب دیا تھا کہ میں بولنگ میں 100 فیصد کارکردگی دکھا سکتا ہوں لیکن بیٹنگ اور فیلڈنگ میں 100 فیصد کارکردگی نہیں دکھا پاؤں گا جس پر کپتان سرفراز احمد نے مجھ سے کہا کہ بولنگ کر لو باقی ہم دیکھ لیں گے۔‘

وہاب ریاض ان لمحات کو یاد کرتے ہیں جب وکٹیں گر رہی تھیں اور ڈریسنگ روم میں خاموشی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

’سوچ لیا تھا کہ راشد خان کو وکٹ نہیں دینی‘

گلبدین نائب ’صنم کو لے ڈوب‘ نہ سکے

پاکستان بمقابلہ افغانستان: شائقین میں تصادم پر آئی سی سی کا نوٹس

’پچ دیکھ کر یہ طے کیا تھا کہ اطمینان سے کھیلنا ہے‘

’پاکستانی ٹیم جیسا ٹیلنٹ جنوبی افریقہ کے پاس نہیں‘

سچ یہ ہے کہ پریشر کی وجہ سے ہم سب ڈریسنگ روم میں خاموش بیٹھے تھے لیکن ایک دوسرے کو حوصلہ دے رہے تھے کہ ہم میچ جیت سکتے ہیں۔

بیٹنگ کے لیے جانے سے پہلے سرفراز احمد نے مجھ سے دو تین بار یہی کہا کہ یہ ہو سکتا ہے جس پر میں نے جواب دیا انشا اللہ ضرور ہوگا۔ میں نے صرف یہی دعا کی تھی کہ اللہ ُتو ہی عزت دینے والا ہے۔‘

وہاب ریاض انگلی میں فریکچر کے باوجود بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنے کے لیے پر امید ہیں۔

’اگر میں اس تکلیف میں افغانستان کے خلاف میچ کھیل سکتا ہوں تو بنگلہ دیش کے خلاف بھی کھیلوں گا کیونکہ مجھے نہیں لگتا کہ کوئی خاص فرق پڑے گا۔ جتنی ہمت ابھی دکھائی ہے اتنی ہی ہمت اگلے میچ میں بھی دکھاؤں گا۔‘

وہاب ریاض کے لیے ورلڈ کپ کھیلنا ایک خواب تھا جو اچانک حقیقت میں بدل گیا۔

انھوں نے خود یہ دلچسپ انکشاف کیا تھا کہ انھیں خواب آ رہے تھے کہ تم ورلڈ کپ کھیلنے والے ہو۔

وہ آخری ون ڈے دو سال قبل چیمپیئنز ٹرافی میں کھیلے تھے۔ ورلڈ کپ کی اعلان کردہ ٹیم سے وہ بہت دور دور تھے لیکن جب سلیکٹرز نے ٹیم میں ردو بدل کیا تو انھیں اور محمد عامر کو ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ مل گئی۔

وہاب ریاض اس ورلڈ کپ میں اب تک دس وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ انھوں نے بیٹنگ میں نچلے نمبرز پر آ کر جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پانچ چوکے اور چھ چھکے لگائے ہیں جو اس ورلڈ کپ میں ابھی تک کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔

افغانستان کے خلاف میچ وننگ اننگز سے قبل وہاب ریاض نے آسٹریلیا کے خلاف بھی 45 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی جو پاکستانی ٹیم کو جیت کے قریب لے آئی تھی لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی صورت حال بدل گئی۔

ہر کوئی سنہ 2015 کے عالمی کپ میں وہاب ریاض کے شین واٹسن کے خلاف اسپیل کو یاد رکھتا ہے لیکن یہ بات بھی نہیں بھولنی چاہیے کہ اسی ورلڈ کپ میں ان کی زمبابوے کے خلاف ناقابل شکست نصف سنچری اور چار وکٹوں نے پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp