کرکٹ ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت


کرکٹ کے 12ویں عالمی کپ کے 39ویں میچ میں سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دی ریور سائڈ ڈرہم کے میدان پر آمنے سامنے ہیں۔

یہ میچ اسی میدان پر کھیلا جا رہا ہے جہاں تین جولائی کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے مابین ایک اہم میچ کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیمیں آج کے میچ میں بنچ پر بیٹھے کھلاڑیوں کو کھلانا چاہیں گی، اس لیے سری لنکا کی جانب سے کاسن راجیتھا اور ملنڈا سری وردنا جبکہ ویسٹ انڈیز کے ایون لوئس کو سنیل ایمبرس کی جگہ ٹیم میں شامل کرنے کا امکان ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی

دونوں ٹیمیں اس ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں جس کے باعث یہ میچ کسی اور ٹیم کے لیے بھی کوئی معنی نہیں رکھتا۔

اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ ویسٹ انڈیز نے اس ٹورنامنٹ کا آغاز تو بہت اچھا کیا تھا لیکن وہ اس کے بعد کوئی بھی میچ نہیں جیت پائے۔

دوسری جانب سری لنکا نے انگلینڈ کو ہرا کر تو ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ کیا، لیکن وہ بھی افغانستان سے کامیابی کے علاوہ خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا پائے۔

دونوں ٹیموں کی بنیادی کمزوری ان کی بیٹنگ ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں جہاں بلے بازوں نے 500 سے زائد رنز بنائے ہیں، وہاں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے سب سے زیادہ 200 اور سری لنکا کے کسال پریرا نے صرف 191 رنز بنائے ہیں۔

ماضی میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی

دونوں ٹیموں کے ایک روزہ ریکارڈ کی بات کی جائے تو ویسٹ انڈیز کو سری لنکا پر معمولی سبقت حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 56 ایک روزہ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں ویسٹ انڈیز کو 28 جبکہ سری لنکا کو 25 میں فتح حاصل ہوئی ہے جبکہ تین میچ بے نتیجہ رہے۔

ورلڈ کپ مقابلوں میں اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان چھ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں ویسٹ انڈیز نے چار جبکہ سری لنکا نے صرف دو میچ جیتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp