افتخار چوہدری کے خلاف کرپشن ریفرنس جنرل اشفاق پرویز کیانی نے دائر کروایا: وزیر داخلہ بریگیڈیئر اعجاز شاہ


وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر اعجاز احمد شاہ نے سابق صدر پرویز مشرف کے دور ایک اہم راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ دی نیشن کے مطابق اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے خلاف مارچ 2007ء میں جو کرپشن ریفرنس دائر کیا گیا تھا وہ اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی اشفاق پرویز کیانی نے کروایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مارچ 2007ء کو صدر مشرف کی چیف جسٹس افتخار چوہدری سے ملاقات ہوئی تھی جس میں صدر مشرف نے ان پر استعفیٰ دینے کے لیے دباﺅ ڈالا۔ تاہم آرمی ہاﺅس میں ہونے والی اس میٹنگ میں کسی نے افتخار چوہدری کے ساتھ کوئی توہین آمیز سلوک نہیں کیا تھا۔ ان کے خلاف جو کرپشن ریفرنس دائر کیا گیا اس کے پیچھے آئی ایس آئی اور جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی تھے۔

وزیرداخلہ نے اپنے ٹی وی انٹرویو میں مزید کہا کہ ”افتخار چوہدری جج کم اور سیاستدان زیادہ تھے۔ انہوں نے خود پرویز مشرف سے ملاقات کی خواہش کی تھی اور وقت مانگا تھا۔ ملاقات میں مشرف نے پہلے انہیں کرپشن ریفرنس کے متعلق بتایا اور پھر دو آپشن دیئے کہ یا تو وہ استعفیٰ دے دیں یا پھر سپریم جوڈیشل کونسل میں اس ریفرنس کا سامنا کریں۔ افتخار چوہدری نے یہ سب کچھ سنا اور آخر میں جواب دیا کہ ’میں استعفیٰ نہیں دوں گا۔‘

اس ملاقات سے پہلے میں نے پرویز مشرف سے کہا تھا کہ ایسا مت کریں کیونکہ افتخار چوہدری کبھی استعفیٰ نہیں دیں گے۔“ موجودہ سیاسی صورتحال پر وزیرداخلہ نے کہا کہ ”وزیراعظم عمران خان عہدہ چھوڑ دیں گے لیکن کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔“ آصف زرداری کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ”اب آصف زرداری جیل سے باہر نہیں آئیں گے۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).