عمران خان کا کتا اردو میں بھونکتا ہے: ڈاکٹر شہباز گل


وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل کا دعویٰ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کتا اردو میں بھونکتا ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کے دوران شہباز گل سابق حکومتوں کی کرپشن کے بارے میں بات کر رہے تھے کہ جذبات میں آ کر انہوں نے یہ دعویٰ کر دیا کہ ’ ان کے تو کتوں نے بھی کرپشن کی ہوئی ہے‘۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کتے کیسے کرپشن کر سکتے ہیں تو ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ بلاول اور بختاور کے کتے انگریزی کھانا کھاتے ہیں ۔ اینکر پرسن کامران شاہد نے کہا کہ عمران خان کا کتا بھی تو انگریزی کھانے کھاتا ہے جس پر شہباز گل نے کہا کہ ان کا کتا دیسی کھانا کھاتا ہے۔

اسی گفتگو کے دوران شہباز گل نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے کتے کا نام ’موٹو‘ ہے، جب اس بات پر اعتراض کیا گیا تو وزیر اعلیٰ کے ترجمان نے اپنی بات کو سچا ثابت کرنے کیلئے قسم اٹھا لی۔ جذبات کی رو میں شہباز گل نے یہ تک کہہ دیا کہ ’عمران خان کا کتا اردو میں بھونکتا ہے‘۔

ان کی اس بات پر پروگرام کے شرکا اور میزبان قہقہے لگا کر ہنستے رہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک نے ان کے دعویٰ پر انتہائی معنی خیز انداز میں کہا ’ ہم مانتے ہیں‘۔ پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور کا کہنا تھا ’ اسے ڈھونڈنا پڑے گا جو اردو میں بھونکتا ہے‘۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).