صاف ستھرا گھر: آٹھ جگہیں جو آپ کی توجہ چاہتی ہیں


چکن کو چھری سے کاٹنا

جہاں کچی چیزییں رکھیں اس سطح کو اس کے بعد اچھی طرح سے صاف کریں

برٹش رائل سوسائٹی کی صحت عامہ (آر ایس پی ایچ) کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کو گھروں میں گندی نظر آنے والی جگہ کی صفائی کے مقابلے میں جراثیم کو پھیلنے سے روکنے پر زیادہ توجہ صرف کرنی چاہیے۔

اچھی صفائی کے لیے وقت پر ہاتھ، کپڑوں اور استعمال کی جانے والی جگہ کو دھونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے لیکن رپورٹ نے متنبہ کیا ہے کہ ہر چار میں سے ایک شخص کے نزدیک یہ اہم نہیں۔

رپورٹ کے مطابق ‘بہت زیادہ’ صاف ستھرا ہونا جیسی کوئی چیز نہیں۔

آر ایس پی ایچ کی رپورٹ کے مطابق لوگ عام طور پر دھول، جراثیم، صاف صفائی اور حفظان صحت میں فرق نہیں جانتے۔ فرش اور فرنیچر بظاہر آپ کو گندے نظر آ سکتے ہیں لیکن ان میں عام طور پر وہ جراثیم ہوتے ہیں جو صحت کے لیے زیادہ مضر نہیں۔

یہ بھی پڑھیے

فرانس میں پرندے صفائی کا کام کریں گے

کوڑے دان میں ڈالنے کی آزادی: جھاڑو

’انڈین ٹرینوں کا کھانا استعمال کے قابل نہیں‘

دو ہزار افراد پر مبنی ایک سروے میں 23 فیصد افراد نے یہ خیال ظاہر کیا کہ بچوں کی قوت مدافعت کو بڑھانے کے لیے جراثیم سے ان کا سابقہ پڑنا چاہیے۔

لیکن اس رپورٹ کو تیار کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ‘یہ بہت حد تک نقصاندہ خیال ہے’ جس کے نتیجے میں بعض خطرناک انفیکشن ہو سکتے ہیں۔

بہر حال انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کو مخصوص اوقات میں مخصوص چیزوں کی صفائی پر دھیان دینا چاہیے خواہ وہ صاف ہی کیوں نہ نظر آ رہی ہوں تاکہ ‘خراب’ جراثیم کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

صفائی کے اہم موقع کیا ہیں؟

  • کھانا بنانے اور چھونے کے دوران
  • انگلیوں سے کھانا کھانے کے بعد
  • ٹوائلٹ کے استعمال کے بعد
  • جب لوگ کھانس، چھینک رہے ہوں یا ناک کو چھو رہے ہوں
  • گھر کے گندے کپڑے چھونے اور دھونے کے دوران
  • پالتو جانوروں کی دیکھ بھال کے دوران
  • کوڑے کو چھونے اور پھینکنے کے دوران
  • انفیکشن زدہ کسی فرد کی دیکھ بھال کے دوران
کتوں کا ہاتھ چاٹنا

پالتو جانوروں اور بیمار افراد کی دیکھ بھال کرنے کے بعد بطور خاص ہاتھ دھونے چاہیے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کھانا چھونے، ٹوائلٹ جانے، کھانسنے، چھینکنے، پالتو جانوروں اور بیمار افراد کی دیکھ بھال کرنے کے بعد بطور خاص ہاتھ دھونے چاہیے۔

کچی غذا جیسے گوشت، مرغ، مچھلی کی تیاری کے بعد اور سینڈوچ یا دوسرے سنیکس بنانے سے قبل کچن کے فرش اور چوپنگ بورڈ کو صاف کرنا اہم ہے۔

اور برتن دھوتے وقت پہنے جانے والے ایپرن اور برتن مانجھنے والے مانجھے کو ان کے استعمال کے بعد دھونے کی تجویز دی گئی ہے۔

صفائی سے بیکٹریا کس طرح ختم ہوتا ہے؟

برتن اور کچن کی سطح کو گرم اور صابن والے پانی سے دوھنے سے بیکٹریا صاف ہوتا ہے اور وہ بہہ کر نالی میں چلا جاتا ہے۔

فوڈ سٹینڈرڈ ایجنسی کا کہنا ہے کہ بیکٹریا کو پوری طرح سے مارنے کے لیے صاف کی جانے والی چیزوں کو کچھ وقت کے لیے 70 سینٹی گریڈ درجۂ حرارت سے زیادہ گرم پانی میں رکھنا اور دھونا چاہیے۔

کون سی چیزیں استعمال کریں؟

صفائی والی زیادہ تر چیزوں کی تین اقسام ہیں اور وہ مختلف کام کرتی ہیں:

  • ڈیٹرجینٹس سے سطح صاف ہوتی ہے اور چکنائی نکلتی ہے لیکن اس سے بیکٹریا نہیں مرتے
  • جراثیم کش: اس سے بیکٹریا تو مر جاتے ہیں لیکن یہ چکنائی والی چیز اور نظر آنے والی گندگی کو دور نہیں کرتے
  • سینیٹائزر سے صفائی بھی ہو جاتی ہے اور بیکٹریا سے سامان پاک بھی ہو جاتا ہے۔ پہلے سطح دھونے، برتن دھونے اور چکنائی نکالنے کے لیے سینیٹائزر کا استعمال کریں پھر اس کا صاف سطح سے بیکٹریا کو مارنے کے لیے استعمال کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ صاف کرنے والی مصنوعات پر دی جانے والی ہدایات کو غور سے پڑھیں۔

کھانا پکانے والی سطح کو صاف کرنے کے لیے کپڑے کے بجائے کاغذ کے ٹاول کا استعمال کریں۔

ہاتھ دھونا

ماہرین کیا کہتے ہیں؟

لندن سکول آف ہائجین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن کی پروفیسر سیلی بلوم فیلڈ کہتی ہیں کہ لوگوں کو حفظان صحت اور صفائی کا فرق سمجھنا چاہیے۔

وہ کہتی ہیں ‘صفائی کا مطلب گندگی اور جراثیم کو ہٹانا ہے لیکن ہائجین کا مطلب صحیح جگہ پر صحیح وقت میں درست طریقے سے صفائی کرنا ہے تاکہ کھانا بنانے، ٹوائلٹ جانے اور پالتو جانوروں کی دیکھ بھال وغیرہ کے دوران انفیکشن کے سلسلے کو توڑا جا سکے۔’

فوڈ ہائیجن کی ماہر اور آر ایس پی ایچ کی ٹرسٹی پروفیسر لیزا ایکرلی نے کہا ‘گھر سے باہر جاکر دوستوں، رشتہ داروں اور پالتو جانوروں کے ساتھ کھیلنا ‘اچھے بیکٹریا’ سے آپ کی ملاقات کراتا ہے اور ایک صحتمند ماحول بناتا ہے لیکن اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ یہ حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرنے کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالے۔ ‘

صحیح وقت پر صحیح جگہ کی صفائی کرنا انفیکشن سے بچنے کا آسان طریقہ ہے اور ان تمام بیکٹریا سے واسطہ پڑنا بھی اس میں شامل ہے جو آپ کے جسم کے لیے فائدہ مند ہیں۔

Please do not delete Digihub TAG 48765403


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp