نندی پور پراجیکٹ اور دودھ کی رکھوالی کرتی بلی


\"adnan-khan-kakar-mukalima-3\"

اطلاع ملی ہے سات ستمبر کو جب قوم یوم فضائیہ منانے میں مصروف تھی تو چند نامعلوم افراد کھڑکی توڑ کر نندی پور پاور پلانٹ کے ریکارڈ روم میں داخل ہوئے، اور اس کا فرنس آئل کی امپورٹ کا ریکارڈ چوری کر کے لے گئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کمپیوٹر پر موجود ریکارڈ بھی ڈیلیٹ کر دیا۔ نندی پور کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کیپٹن ریٹائرڈ آصف صاحب نے تصدیق کی ہے کہ ریکارڈ کو پھاڑ دیا گیا ہے۔

نندی پور پاور پراجیکٹ موجودہ حکومت کا ایسا زریں کارنامہ ہے جس کا نام آنے والے دنوں میں تواتر سے لیا جاتا رہے گا، خاص طور پر ان کے حکومت سے ہٹ جانے کے بعد ۔ اہم سوال یہ ہے کہ اس کارنامے کو کس نے تاریخ کے صفحات سے حذف کرنے کی کوشش کی ہے؟

تحقیقات مکمل ہونے تک اس سوال کا جواب نہیں ملے گا۔ خدانخواستہ اگر تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی، یعنی جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم، یا کوئی کمیشن بنا دیا گیا تو پھر توقع کی جا سکتی ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد بھی اس سوال کا جواب نہیں ملے گا۔ اس لیے ہمارے پاس اب حقیقت جاننے کا ایک ہی راستہ باقی بچا تھا۔ اور وہ تھا پیر و مرشد حکیم دولے شاہ قلندری کا روحانی کمال جو کہ اپنے کسی موکل کی مدد سے اصل معاملے پر روشنی ڈال سکتے تھے۔

\"nandipur-power-project\"

ہم ان کے تکیے کی طرف گئے تو وہاں محفل ویران پڑی تھی۔ حکیم صاحب ایک درخت کے نیچے چارپائی ڈالے لیٹے تھے اور ڈھولن ملنگ ان کے چمپی مالش کر رہا تھا۔ ہم جا کر با ادب بیٹھ گئے اور حکیم صاحب نے توجہ کی تو مدعا عرض کیا کہ جاننا چاہتے ہیں کہ نندی پور کا ریکارڈ کس نے چوری کیا۔ حکیم صاحب آنکھیں بند کر کے کچھ دیر تک سوال پر غور کرتے رہے اور پھر کہنے لگے، کہ \’یہ کسی چار پاؤں والے جانور کا کام ہے، جو کہ دودھ کی رکھوالی پر مامور کیا گیا تھا۔ اس کے جسم پر دھاریاں ہیں۔ کبھی یہ آگ سے کھیلتا ہے اور کبھی کھڑکی توڑ ہنگامہ کرتا ہے تاکہ کارنامے دفن ہو جائیں۔ بس اب جاؤ، اس سے زیادہ بتانے کی اجازت نہیں ہے۔ تم غور کرو گے تو رمز کو پا جاؤ گے\’۔

ہم واپس گھر آئے اور غور کرنے لگے کہ یہ آگ سے کھیلنے کا کیا مطلب ہو سکتا ہے۔ دودھ کی رکھوالی پر تو بلی کو مامور کیا جاتا ہے۔ تو کیا بلی آگ سے کھیلتی ہے؟ اتنے میں ٹی وی پر مسلم لیگ ن کے ایک لیڈر کی تقریر سنائی دی جس میں وہ کارکنوں کو شیر کی ایک دن کی زندگی گزارنے کا مشورہ دے رہے تھے۔ ذہن کا ایک دریچہ کھلا، حکیم دولے شاہ قلندری صاحب نے شیر کی طرف اشارہ کیا ہو گا جو کہ انگریزی میں بگ کیٹ کہلاتا ہے، کیونکہ وہ بلی کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔

\"lda-plaza-fire-2\"

لیکن آگ کا شیر اور ریکارڈ سے کیا تعلق ہو سکتا ہے؟ اچانک یاد آیا کہ تین سال قبل لاہور کے ایل ڈی اے پلازہ میں خوفناک آگ لگی تھی جس میں دو درجن کے قریب افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ افواہ اڑی تھی کہ اس میں میٹرو بس کا سارا ریکارڈ جل کر خاک ہو گیا ہے۔ آگ لگنے کے چالیس منٹ بعد فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی تھی۔ ایسی خوفناک آگ تھی کہ مرنے والے دو درجن افراد کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہ مل پایا۔ یہ افواہ بھی اڑی تھی کہ اس میں قبضہ گروپ کا ریکارڈ بھی تھا۔ تحریک انصاف سے ہمدردی رکھنے والوں نے اس کا الزام شیر پر لگا دیا تھا۔ گویا اب نندی پور کا ریکارڈ چوری ہونے کا الزام بھی شیر پر ہی لگایا جائے گا۔

یہ معاملہ سمجھ میں آتے ہی ہم نے مسلم لیگ ن کے مقامی راہنما اچھی بٹ صاحب کو فون کیا اور ان کو بتا دیا کہ ہمیں سارا معاملہ سمجھ آ رہا ہے۔ حکیم دولے شاہ قلندری صاحب بتا چکے ہیں کہ ریکارڈ کوئی بلی نما جانور دفن کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اچھی بٹ نے کہا کہ \’بادشاہو، یہ میٹرو اور نندی پور پراجیکٹ تو میاں صاحب کے وہ عظیم الشان کارنامے ہیں جن کا ذکر ہر نونی لیڈر کرتا ہے۔ تو ہم انہیں کیوں دفن کریں گے؟ یہ تو ہماری کارکردگی ہے جس پر ہمیں ووٹ ملیں گے۔ یہ ضرور اپوزیشن کا کام ہے۔ یہ چور بلا اپوزیشن میں ڈھونڈو۔ اپوزیشن میں کوئی ٹائیگر یہ کام کر رہا ہے تاکہ میاں صاحب کا نام تاریخ سے مٹا دے\’۔

\"sheep-tiger\"

گو کہ ان کا اشارہ واضح طور پر تحریک انصاف کے ٹائیگروں کی طرف تھا مگر ہم سوچ میں پڑے ہوئے ہیں کہ یہ ٹائیگر کیسا ہے جو کہ خریداری کے ریکارڈ کو غائب کر رہا ہے۔

اب پتہ نہیں یہ ٹائیگر ہے یا شیر ہے یا دودھ کی رکھوالی پر کھڑی کوئی دوسری بلی۔ ویسے نندی پور کے معاملے میں سیکیورٹی پر رکھوالی کے لیے کھڑے ایک گارڈ کو تو پکڑ لیا گیا ہے۔ اب پتہ نہیں اسے شیر بنایا جاتا ہے یا ٹائیگر، لیکن بہرحال جو بھی، ہے، وہ کارنامے دفن کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ دوبارہ حکیم دولے شاہ قلندری کی طرف چکر لگا تو آپ کو بتائیں گے کہ یہ کون سی بلی ہے۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments