سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا مرحوم میجر جنرل (ر) حسین مہدی پر گھناؤنا الزام
الیکشن کمیشن کے سابق سیکریٹری کنور دلشاد نے ایک موقر قومی روزنامے میں اپنے تازہ کالم میں مرحوم میجر جنرل (ر) حسین مہدی پر 2002 کے انتخابات میں غیر آئینی مداخلت کر کے سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کو شکست دلوانے کا الزام لگایا ہے۔ واضح رہے کہ اکتوبر 2002ء کے انتخابات کے دوران کنور دلشاد پاکستان الیکشن کمیشن میں جائنٹ سیکریٹری کے عہدے پر فائز تھے۔ میجر جنرل (ر) حسین مہدی مارچ 2002 سے اگست 2007 تک پنجاب رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز رہے۔ انہیں پرویز مشرف حکومت کے چند طاقتور ترین عہدے داروں میں شمار کیا جاتا تھا۔ قبل ازیں موجودہ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے رواں مہینے کے پہلے ہفتے میں ایک انگریزی روز نامے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ 2002 میں پیپلز پارٹی میں پیٹریاٹ نامی دھڑا میجر جنرل حسین مہدی نے بنوایا تھا۔
کنور دلشاد نے ” فلور کراسنگ اور درون ِ خانہ سیاسی صورتحال” کے عنوان سے 16 جولائی 2019 کے کالم میں لکھا ہے
"میاں اظہر ہر دلعزیز سیاسی شخصیت ہیں۔ وہ گورنر پنجاب بھی رہے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ق )کے بانی صدر تھے اور بعد میں ان کو محلاتی سازشوں کے ذریعے اکتوبر 2002ء کے الیکشن میں میجر جنرل حسین مہدی مرحوم نے انجینئرڈ طریقے سے ہرا دیا تھا۔ بعد ازاں ان کو پاکستان مسلم لیگ (ق) کی صدارت سے محروم کردیا گیا اور جواز پیدا کیا گیا کہ مسلم لیگ (ق) کے صدر کے ہارنے سے ان کا صدارتی عہدے پر رہنے کا استحقاق ختم ہو چکا ہے ۔اس کے بعد انہوں نے سیاست سے ریٹائرمنٹ اختیار کر لی۔”
یاد رہے کہ میجر جنرل (ر) حسین مہدی کا رواں برس 21 فروری کو انتقال ہو گیا تھا۔


