شاہد خاقان عباسی کو بھی قومی احتساب بیورو نے گرفتار کر لیا


شاہد خاقان عباسی

نیب نے سابق وزیراعظم کو ایل این جی کی درآمد کے معاملے میں تحقیقات کے لیے جمعرات کو طلب بھی کیا ہوا تھا۔

پاکستان میں احتساب کے قومی ادارے نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کر لیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔

مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی جماعت کے صدر شہباز شریف کی پریس کانفرنس میں شرکت کے لیے جمعرات کو لاہور جا رہے تھے اور انھیں موٹر وے کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔

نیب نے سابق وزیراعظم کو ایل این جی کی درآمد کے معاملے میں تحقیقات کے لیے جمعرات کو طلب بھی کیا ہوا تھا۔

ان پر الزام ہے کہ انھوں نے بطور وزیرِ پیٹرولیم ایک ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ مبینہ طور پر من پسند کمپنی کو دیا۔ نیب کا کہنا ہے کہ من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا 15 برس کے لیے ٹھیکہ دینے سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

نیب نے حمزہ شہباز شریف کو گرفتار کر لیا

رانا ثنااللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

شہباز شریف کی ضمانت منظور، فوری رہائی کا حکم

ایئر بلیو کے سی ای او یا شاہد خاقان عباسی؟

خیال رہے کہ مسلم لیگ نواز کے دور میں پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے قطر سے ایل این جی گیس برآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے مخالفت کی تھی اور بعد میں اس پر بدعنوانی کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جب وزیراعظم منتخب ہوئے تھے تو اس وقت قومی اسمبلی میں ان کے خطاب کے دوران بھی ایوان میں کہیں سے ان کے خلاف ایل این جی کے معاہدے میں بے ضابطگیوں کے بارے میں قومی احتساب بیورو میں ایک انکوائری کا حوالہ دیا گیا تھا۔

اس پر انھوں نے ہنستے ہوئے کہا: ‘بیٹا اس پر بات کرنے کے لیے میں ہر وقت حاضر ہوں۔’

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کی قیادت کے اہم ترین رہنما اس وقت جیل میں ہیں جن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، خواجہ سعد رفیق، سلمان رفیق، حمزہ شہباز اور رانا ثنا اللہ شامل ہیں۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور جماعت کے صدر شہباز شریف کو بھی جیل بھیجا گیا تھا لیکن وہ ضمانت پر باہر ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp