شیخ رشید غیر اہم آدمی ہیں: مولانا فضل الرحمٰن
جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو غیر اہم آدمی قرار دے دیا۔ جامعہ اشرافیہ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس اپنا چیئرمین سینیٹ لانے کے لئے ضرورت سے زائد ووٹ ہیں۔
صحافی نے مولانا سے سوال کیا کہ اگر نیب نے آپ کو گرفتار کرلیا تو کیا ہوگا؟ تو مولانا نے برجستگی سے جواب دیا کہ اس معاملے میں کوئی اگر موجود ہی نہیں ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے بیان سے متعلق صحافی کے سوال پر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ مجھ سے کسی غیر اہم آدمی کی بات کا سوال نہ کریں۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج کے حوالے سے ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کو جیل میں رکھنے کا کوئی اخلاقی اور قانونی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے ذریعے آنے والوں کو حکمرانی کا حق نہیں، 25 جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔ اس روز ناجائز حکومت ہم پر مسلط کی گئی تھی۔ مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ 25 جولائی کو حکومتی دھاندلی اور پالیسیوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج ہوگا۔
جے یو آئی ف کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ اس ملک میں حکومت اسٹیبلشمنٹ کی ہے، حکمران صرف مہرہ ہیں، یہ حکمران ملک کو سیکولر اور لبرل بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورے سے قبل حافظ سعید کی گرفتاری امریکہ کو تحفہ ہے۔


