زرتاج گل کے خلاف غریدہ فاروقی کا مقدمہ ختم کرنے کے لئے وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ کا دباؤ


صحافی اعزاز سید نے دعوی کیا ہے کہ وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے ایف آئی اے سائیبر کرائمز ونگ کے سربراہ کو طلب کیا اور ہدایت کی کہ وفاقی وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل کے خلاف اینکر پرسن غریدہ فاروقی کا پرچہ ختم کرو۔ متعلقہ آفیسر نے حیل و حجت کی تو وزیر صاحب آپے سے باہر ہو گئے، بولے مقدمہ ختم کر کے مجھے اطلاع کرو۔

اس پر رد عمل دیتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر غرید ہ فاروقی نے کہا کہ زرتاج گل میری جانب سے اپنے خلاف ایف آئی آر ختم کرنے کے لیے اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کر رہی ہے ۔اینکر پرسن نے کہا کہ وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی جانب سے ایف آئی اے پر دباﺅ، طاقت کا غلط استعمال ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے تحریک انصاف کی خاتون وزیر مملکت زرتاج گل کےخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمہ ٹی وی اینکر غریدہ فاروقی کی شکایت پر درج کیا گیا ۔ ایف آئی آر کے مطابق غریدہ فاروق نے 28 مارچ کو شکایت درج کرائی تھی کہ تحریک انصاف سے وابستہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ زرتاج گل نے ایک ویڈیو ریکارڈ کر کے ٹویٹ کی جس میں الزام لگایا ہے کہ اینکر غریدہ نے شہباز شریف سے شادی کی ہے۔ ان دنوں عمران خان کی شادی کے حوالے خبریں آ رہی تھیں۔

ویڈیو پیغام میں زرتاج گل نے کہا کہ عمران خان کی شادی کو لے کر میڈیا نے سکینڈل بنا دیا ہے۔ اسی ویڈیو پیغام میں زرتاج گل نے کہا تھا کہ نیوز اینکر غریدہ فاروقی کی شہباز شریف سے شادی ہوئی ہے۔ خاتون اینکر شہباز شریف کے بنگلے میں رہائش پذیر ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).