ڈیرہ اسماعیل خان خود کش حملہ: چار پولیس اہلکاروں سمیت سات افراد شہید، 24 زخمی


پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں پیش آئے شدت پسندی کے دو مختلف واقعات میں چار پولیس اہلکاروں سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان سلیم ریاض نے بی بی سی کو بتایا کہ اتوار کی صبح پہلے ڈیرہ ٹاؤن پولیس سٹیشن کی حدود میں واقع کوٹلہ سیداں چیک پوسٹ پر موجود دو پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کر کے ہلاک کیا گیا۔

ڈی پی او کے مطابق بعد ازاں جب ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی لاشیں لے کر ایمبولینس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے ٹراما سینٹر پہنچی تو وہاں پہلے سے موجود مبینہ برقع پوش خاتون حملہ آور بیٹھی ہوئی تھیں۔

انھوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق جب پولیس اہلکار اور مقامی افراد ایمبولینس کے قریب اکھٹے ہوئے تو مبینہ خاتون حملہ آور نے اپنے آپ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔

سلیم ریاض کے مطابق ’خود کش حملے میں پانچ افراد بشمول ایلیٹ فورس کے دو اہلکار موقع پر ہلاک ہوئے جبکہ سات پولیس اہلکاروں سمیت 24 افراد زخمی ہیں۔‘

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکے میں لگ بھگ سات کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ دھماکے کی جگہ سے مبینہ خاتون حملہ آور کے بال اور پیر ملے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ خاتون نے کیا یا نہیں یہ جاننے کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا۔

ڈی پی او کے مطابق خود کش حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل ہدایت اللہ اور کانسٹیبل خالد خان شامل ہیں۔

بی بی سی کے نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق شدت پسندی کے پہلے واقعے میں کوٹلہ سیداں چیک پوسٹ پر ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں میں جہانگیر اور انعام شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp