رنگ، خوشبو، اور خواب کھو جاتے ہیں


\"mubashir\"ٹھیک آج کے دن، 14 ستمبر کو میری چوالیسویں سالگرہ ہے۔

دو ہفتہ قبل کسی کام کے سلسلہ میں مجھے اسلام آباد کے اک نواحی علاقہ میں جانا پڑا۔ شام کا وقت تھا، اور اک لمبے عرصے، بلکہ کئی برس کے بعد مجھے ایک ایسی شام نصیب ہوئی جس میں میرے سامنے اک کھلا میدان تھا، سورج ڈوب رہا تھا، نہایت خوشگوار ہوا چل رہی تھی، آسمان پر ہلکی سرخی چھائی ہوئی تھی، پرندے اپنے اپنے گھروں کو جا رہے تھے، اور آہستہ آہستہ گہرے ہوتے ہوئے ملگجے اندھیرے میں تمام فضا میں دو ہی آوازیں کانوں پڑ رہی تھیں: گھر جاتے پرندوں کی اور ہوا میں ہلتے ہوئے خودرو پودوں اور سرکنڈوں کی۔ میں اک غیر آباد سڑک پر پیدل تھا، اور ہلکے ہلکے چلتے، بلکہ خود کو گھسیٹتے ہوئے احساس کا اک عجب نقصان خیالات و اعصاب پر طاری ہوتا چلا گیا۔ مجھے اک دم ہی یاد آیا کہ مجھے شام، بالخصوص ڈھلتی ہوئی شام کے رنگ کتنے پسند تھے۔ ملکوال میں اپنے گھر کی چھت پر ایسی بےشمار شامیں بےکاری، سستی اور خاموشی میں بیٹھ کر گزاریں، اور گورنمنٹ ایم بی ہائی سکول کے فٹ بال گراؤنڈ، کہ جہاں اس وقت بجانب مغرب تاحد نظر کھیت ہوتے تھے، شام ہوتی تھی، اور میں ہوتا تھا۔ اور اس وقت کہ نجانے کتنے ہی سال گزر گئے، مجھے ایسی شام نصیب ہی نہ ہوئی۔

مجھے اک اعتراف یہ بھی کرنا ہے کہ میں نچلے طبقے سے اپنی معاشی و معاشرتی جدوجہد شروع کرنے اور پھر اس کوشش میں مسلسل رہنے  کے تجربات کا وزن کندھوں پر اٹھائے پھرتا ہوں۔ یہ وزن میں ہر دن، ہر وقت اٹھا کر اپنے یا دوسروں کے سروں پر نہیں دے مارتا، مگر سچ ہے کہ کہا جائے: یہ وزن مسلسل اٹھائے رہتا ہوں۔ میرے طبقے سے تعلق رکھنے والے عام طور پر ساری عمر سفر میں رہتے ہیں، کئی منزلیں  طے کرتے ہیں، کئی مقام حاصل کرتے ہیں، کہیں سے کہیں پہنچ جاتے ہیں، مگر اپنے تجربات کے دوران اپنے شخصیت کے ٹوٹنے اور بکھرنے کا وزن انکے کندھوں پر مسلسل رہتا ہے۔ یہ وزن انکی شخصیت مسخ نہیں کرتا، یارو، یہ وزن ان کی سوچوں کو اندرونی طور پر ایسے مسخ کرتا، اور بسااوقات کیے رکھتا ہے کہ وہ اپنی ذات کی وہ بگڑی شکل صرف اور صرف خود ہی دیکھ پاتے ہیں۔ اپنے دیس کی عجب سی معاشرت کے تضاد میں جہاں دوسروں سے جڑنے سے زیادہ، اسے متاثر کرنا اہم ٹھہر چکا ہے، ان سوچوں کے پیٹ سے کپڑا اٹھا کر کوئی نہیں دکھاتا۔ جب کہ صاحبو، یہ سوچیں گھوم گھوم کر واپس آتی ہیں، اور کاری ضربیں لگاتی چلی جاتی ہیں۔  یہ میرا خیال ہے، اور میری خواہش ہے کہ یہ غلط ہو کہ ان سوچوں کے گرداب سے نکلنا ناممکن ہوتا ہے، اور یہ سوچیں اک چکی کی مانند  آپکو کچلے چلی جاتی ہیں۔ کیا ہی عمدہ ہوتا کہ آپ اک بھرپور اکملیت کے ساتھ برادہ ہو جاتے، مگر برادہ ہی تو نہیں ہو پاتے کہ پرانی ٹھیکریاں ٹوٹتی ہیں تو انکی جگہ لینے کے لیے پہلے ہی سے موجود ہوتی ہیں۔

پیٹر میئل  ، اک برطانوی مصنف، نے  2004 میں ماضی کے دھندلکوں سے جڑجانے کے موضوع پر لکھی نہایت ہی  خوبصورت اور دل کو ہمیشہ کے لیے موہ لینے والی  کتاب، A Good Year، لکھی تھی۔ کتاب کے مرکزی کردار، میکسی-ملئین سکِنر کے الفاظ میں جو وہ اپنے بچپن کی گم گشتہ دوست، یاد اور ہونے والی محبت، فینی شِنیل  کو کہتا ہے: انکل ہنری کے ساتھ اس جگہ پر میرا ماضی اچھا نہیں تھا، وہ بلکہ شاندار تھا۔

میرے پاس کہنے کو کچھ ایسا نہیں۔ میرے جیسوں کے پاس ایسا کہنے کو کچھ نہیں ہوتا۔

اسی کتاب  کا اک فقرہ، کہ میرے ہونٹوں کو معاف کرنا، یہ عجب حالات میں بھی لذت کشید کرلیتے ہیں۔ تو آپ سب میرے خیالات کو معاف کیجیے گا۔ یہ حالات کی تمام \”بوالعجبی \” کے باوجود زندگی جیتے رہنے میں لذت کشید کرتے رہتے ہیں۔ بس یہ کہ زندگی جیتے رہنے میں رنگ، خوشبو، خواب اور آنکھوں کے ستارے کھو جاتے ہیں، اور معلوم بھی نہیں پڑتا۔