برقی آلات کا بے جا استعمال


اس میں دو رائے نہیں کہ سائنسی ترقی نے انسانی زندگی کو حددرجہ آسان و پر آسائش کردیا ہے۔ بجلی ہو، ذرائع رسل و رسائل ہوں یا پھر علاج معالجہ کی سہولیات، ہر میدان میں بیش بہا بہتری آئی ہے۔ اور اگر ماضی قریب میں دیکھا جائے تو معلومات کی ترسیل یا انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ایک عظیم انقلاب برپا ہو گیا ہے جس سے بلا شبہ تمام نوعیت کے معلوماتی و تفریحی مواد تک رسائی کے لئے انگلی کے ذرا سے لمس کی ضرورت ہے۔

یوں تو مجموعی طور پر اس سائنسی ترقی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خاطر خواہ آسانیاں پیدا کردی ہیں لیکن اگر اس کا درست استعمال نہ ہو تو یہ باعثِ رحمت ہونے کی بجائے باعثِ زحمت بھی ہوسکتی ہے۔ میں یہاں صرف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور گیجٹس کے استعمال میں بے احتیاطی سے پیدا ہونے والے مسائل کے حوالے سے مختصر بات کروں گا۔

جہاں تیز ترین انٹرنیٹ کی بدولت موبائل فون یا دوسرے گیجٹس کی مدد سے ہر طرح کی معلومات تک رسائی آسان ہو گئی ہے وہیں ان کے استعمال میں احتیاط نہ برتنے سے کئی مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ جن میں سے کچھ ذیل ہیں۔

وقت کا زیاں۔

یہ بات واضح ہے کہ اکثر صارفین کا زیادہ تر وقت سوشل میڈیا یا اسی طرح کی نسبتاً غیر مفید ویب سائٹس پر گزرتا ہے اور یوں اوسط سطح پر روزانہ کی بنیاد پر گھنٹوں کے حساب سے وقت ضائع ہو جاتا ہے جسے بچا کر کسی بامقصد اور کارآمد سرگرمی میں صرف کیا جاسکتا تھا۔

ذہنی انتشار

کیونکہ اکثر اوقات انٹرنیٹ پر معلومات تفصیل کی بجائے ٹکڑوں پر مشتمل ہوتی ہے اور یہ کہ مستند و غیر مستند پہچان بھی ایک کارِ دشوار ہو جاتا ہے تو نتیجتاً ذہنی انتشار کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

جسمانی صحت کے مسائل

اسکرین کے مستقل استعمال سے آنکھوں و پٹھوں سمیت کئی عوارض رونما ہو رہے ہیں جو یقیناً ایک بڑا مسئلہ ہے۔

ذہنی و نفسیاتی مسائل

موبائل فون یا دوسرے گیجٹس کے استعمال کی بے جا عادت سے روزمرہ کے آرام و سکون میں بھی خلل واقع ہو رہا ہے یعنی راتوں کو جاگنا اور دن کے وقت سوتے رہنا یا نیند کا پورا نہ ہونا، ان تمام وجوہات کی بنا پر ذہنی دباؤ و اسٹریس جیسے مسائل بڑھ رہے ہیں۔

حاصل کلام یہ کہ ان تمام گیجٹس کا اگر مناسب طور پر استعمال کیا جائے تو یہ مفید ہے لیکن اگر غیر مناسب اور بے جا استعمال ہو تو باعثِ تکلیف بن جاتا ہے۔

انسان جب تک فطرت کے مطابق زندگی گزارتا ہے سکون میں رہتا ہے لیکن جونہی فطری اصولوں سے گریز کرتا ہے وہ مسائل کا شکار ہو جاتا ہے، یہی مثال ان تمام گیجٹس کے بے جا استعمال کی بے، اس طرح انسان فطرت سے دور ہونے لگتا ہے اور نتیجتاً گوناگوں مصائب میں گرفتار ہو جا تا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).