رہبرکمیٹی کا میڈیا سنسر شپ کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنےکا اعلان


 

متحدہ اپوزیشن نے میڈیا سنسر شپ کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا چینلز پر پابندی لگائی جا رہی ہے۔ ہم سیاسی اور صحافتی سنسر شپ کے خلاف آئینی و قانونی جنگ لڑیں گے۔ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے خلاف رہبر کمیٹی نیب کے سامنے مظاہرہ کرے گی۔ قبائلی علاقوں میں دھاندلی کے ثبوت جلد سامنے آئیں گے۔

پشاور جلسہ میں رہبر کمیٹی کے ارکان مولانا فضل الرحمان اور اسفند یار ولی شرکت کریں گے۔ لاہور میں شہباز شریف۔ کراچی میں بلاول بھٹو۔ کوئٹہ میں حاصل بزنجو اور محمود اچکزئی کا جلسہ ہو گا۔ جب ہم اسلام آباد آئیں گے تو حکومت کے لئے سرپرائز ہو گا۔

پیر کو رہبر کمیٹی کا اجلاس اکرم درانی کی زیرصدارت ہوا جس میں چیئر مین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو کامیاب بنانے اور 25 جولائی کو یوم سیاہ منانے کے حوالے سے مختلف تجاویز اور امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اکرم درانی نے کہا کہ رہبر کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہوا ہے جس میں میں سینٹ الیکشن پر مشاورت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے لئے ہمارے نمبر پورے ہیں۔ (آج) منگل کو سینیٹ اجلاس میں اپنی عددی اکثریت کا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ رہبر کمیٹی میں نوازشریف، آصف علی زرداری، فریال تالپور، خواجہ سعد رفیق اور شاہد خاقان عباسی سمیت گرفتاریوں کی مذمت کی گئی۔ گرفتاریاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ کنٹینر دینے والا عمران خان مریم نواز کے ایک جلسے سے ڈر گیا۔ میڈیا چینلز پر پابندی لگائی جا رہی ہے۔ مریم نواز کے منڈی بہاوالدین کے بعد فیصل آباد میں جلسے کو روکا گیا۔ میڈیا پر سنسرشپ کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔

 

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).