لگتا ہے عرفان صدیقی کو مسلم لیگ (ن) نے گرفتار کروایا: وزیر داخلہ اعجاز شاہ


وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ لگتا ہے عرفان صدیقی کو مسلم لیگ (ن) نے گرفتار کروایا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے اعجاز شاہ نے کہا کہ صحافی عرفان صدیقی کی گرفتاری تحریک انصاف یا عمران خان کے حق میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے اس گرفتاری میں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کا ہاتھ ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ جس نے بھی عرفان صدیقی کو گرفتار کیا ہے اس نے عمران خان یا پی ٹی آئی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا، یہ گرفتاری پی ٹی آئی کے حق میں نہیں گئی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے مشیر عرفان صدیقی کو کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کرکے ہتھکڑی لگاکر عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے عرفان صدیقی کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا ہے۔ تاہم ان کے وکیل نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی ہے جس پر پیر کو سماعت ہو گی۔

Facebook Comments HS