نیب نے مجیب الرحمان شامی سے روزنامہ پاکستان کے اشتہارات کا 10 سالہ حساب مانگ لیا


نیب کے لاہور آفس نے نے معروف صحافی مجیب الرحمان شامی کے اخبار روزنامہ پاکستان، لاہور کو نوٹس جاری کیا ہے کہ 2007 سے 2018 تک 10 سال کے اشتہارات کا حساب پیش کیا جائے۔ اس کے علاوہ روز نامہ پاکستان کے لاہور اور ملتان ایڈیشن کے لئے تمام اشتہارات کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔

مزید براں، ان اشتہارات کی تقسیم کے لئے اخبار کی اشاعت کا پیمانہ اور اشتہارات کی شرح معاوضہ کے بارے مین استفسار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مجیب الرحمن شامی ملک کے سینئر ترین صحافی ہیں اور اے پی این ایس سمیت متعدد صحافتی تنظیموں کے عہدے دار رہے ہیں۔ انہیں 1972 میں ذوالفقار علی بھٹو کی مارشل لا حکومت میں فوجی عدالت نے ایک برس قید کی سزا سنائی تھی۔ مجیب الرحمن شامی ملک کے معروف کالم نگار اور تجزیہ کار ہیں۔ انہوں نے یکم جنوری 1999ء سے روز نامہ پاکستان کی ادارت سنبھالی۔ مجیب الرحمن شامی نے اپنا شام کا اخبار یلغار بھی جاری کیا۔ وہ ہفت روزہ ’’زندگی‘‘ اور ماہنامہ ’’قومی ڈائجسٹ‘‘ بھی شائع کرتے ہیں۔

مجیب الرحمن شامی کو صحافتی حلقوں میں پاکستان نواز خیالات، آمرانہ رجحانات پر کڑی تنقید اور صحافتی آزادی کی حمایت کے لئے جانا جاتا ہے۔ وہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے قریبی حلقے میں شمار ہوتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).