کتے سے بوس و کنار نے خاتون کو ہاتھ اور ٹانگوں سے محروم کر دیا


امریکہ میں ایک خاتون کو اپنے کتے کے ساتھ بوس و کنار کی وجہ سے اپنے ہاتھوں اور دونوں ٹانگوں سے محروم ہونا پڑ گیا۔

سی این این کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو کے علاقے سٹارک کاﺅنٹی کی رہائشی میری ٹرینر نامی یہ خاتون پنٹا کینا میں چھٹیاں گزار کر گھر آئی اور اتنے دن دور رہنے کے باعث فرط جذبات میں اپنے پالتو کتے کو بوسے دیتی رہی۔ چند روز بعد ہی میری کی طبیعت خراب ہو گئی۔ اسے کمر میں درد رہنے لگا اور ہر وقت جی متلاتا رہتا۔ دو روز بعد اسے شدید بخار بھی ہو گیا جو دوا لینے پر بھی ٹھیک نہ ہوا اور اگلے چند روز بعد ایک دن وہ اچانک بے ہوش ہو کر گر گئی۔

اسے ہسپتال کے ایمرجنسی روم میں بے ہوشی کے 9 روز بعد ہوش آیا اور اس نے دیکھا کہ اس کے دونوں بازو اور ٹانگیں کاٹی جا چکی ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ میری کو اپنے جرمن شیفرڈ نسل کے کتے کو بوسے دینے کے باعث انتہائی خطرناک قسم کا انفیکشن لاحق ہو گیا تھا۔ اس انفیکشن کا نام ’کیپنوسائٹوفیگا‘ تھا جو ’کیپنوسائٹوفیگا کینیمورسس‘ (Capnocytophaga canimorsus) نامی بیکٹیریا کے جسم میں داخل ہونے سے لاحق ہوتا ہے۔ یہ بیکٹیریا کتوں میں پایا جاتا ہے۔ کتے اگر زخم پر بھی چاٹ لیں تو یہ انفیکشن لاحق ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق میری ٹرینر تاحال اولٹمن ہاسپٹل میں زیرعلاج ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).