بھارت سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں: عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب وہ بھارت سے مزید بات چیت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے کیونکہ اس کا اب کوئی فائدہ نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے امریکی جریدے نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے بات چیت کےلیے بہت کچھ کہہ چکا ہوں لیکن بھارت سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، بدقسمتی سے بھارت نےمیری باتوں کو محض اطمینان کے لیے لیا، بھارت سے بات چیت کے لیے مزید کچھ نہیں کر سکتے۔

وزیراعظم نے کہا امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کو انتہائی تباہ کن صورتحال کے خدشے سے آگاہ کر دیا ہے۔ نئی دلی حکومت نازی جرمنی جیسی ہے، خدشہ ہےکہ مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی ہونے والی ہے۔ 80 لاکھ کشمیریوں کی جانیں خطرے میں ہیں، کشیدگی بڑھنے کا خطرہ ہے دنیا کو اس صورتحال سے خبردار رہنا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دوایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہیں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کی امن فوج اور مبصرین مقبوضہ کشمیر بھیجے جائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).