نی نسل اور لولی ووڈ


ہماری فلم انڈسٹری نے ایک ایسا دور بھی دیکھا کہ جب فلم بین نئی فلم کے مکمل ہونے کا انتظار کیاکرتے تھے اور فلم کے ہدایتکار سے لے کر اداکاروں کو ایک مقام حاصل تھا ’فلم کی کہانی پر خاص توجہ دی جاتی تھی جس میں معاشرے کے سنجیدہ پہلوؤں کے ساتھ ساتھ معیاری تنزومزاح کو مدِ نظر رکھا جاتا تھا ۔ پھر اچانک ہماری فلم انڈسٹری بُری طرح زوال کا شکار ہوئی اور فلمیں بننا بند ہوگئیں اور اُس کی ایک وجہ گنڈاسا کلچر اور مار دھاڈ والی فلموں کو قرار دیا گیا۔

پھر لمبے انتظار کے بعد شعیب منصور کی بنائی گئی فلمیں خدا کے لئے اور بول تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئیں اور لگا کہ ہم فلم انڈسٹری کو ہم پھر سے معاشرے میں اپنا ایک اہم کردار ادا کرتے دیکھیں گے لیکن آج کل کی بننے والی فلموں کو دیکھ کر تو لگتا ہے کہ فلم بینوں کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے اور ہمارے سینماز میں عیدالضحی پر نمائش پر پیش کی جانے والی ساری فلمیں ایک فیشن شو اور دریس ڈیزائنرز کے ایڈ سے زیادہ کچھ دکھانے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔

اور فلمی ہیرو اور ہیروئنز کی بات کریں تو ہمارے پاس گنے چنے آپشنز ہی ہیں جن میں مایا علی، ماہرہ خان اور مہوش حیات، ہمایوں سعید، شہریار منور اور بلال شامل ہیں ۔ فلمی کہانیوں کی بات کریں تو انتہائی بیکار اور بورنگ ہیں فلم میں پیش کیے جانے والے کردار اور لباس دور دور تک کسی طرح سے بھی پاکستانی معاشرے اور کلچر کے ساتھ میل نہیں رکھتے۔

نئی نسل کو ایک ایسے رول ماڈل دکھائے جارہے ہیں جو شادی سے ایک دن پہلے بھاگ جاتے ہیں ۔ جو بات بات پر رشتے ختم کر دیتے ہیں اور کسی بھی اجنبی سے ملنے کے بعد پہلی ہی رات میں اتنے گھل مل جاتے ہیں کہ ساری رات آوارہ پن کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں ۔ بات بات پر ڈانس کرنا اور بلاوجہ گانے شامل کرنافلم کی ضرورت سمجھا جاتا ۔ آج کل فلموں میں ایسی زبان اور ذومعنی فقرے فلم کا اہم حصہ اور عام بات سمجھے جاتے ہیں۔

فیملی فلم کا نام لے کر پروموشن کرنے والے یہ بات بھول جاتے ہیں کہ ہمارے ہاں رشتوں کے تقدس کا بہت خیال کیا جاتا تھا اور فلم ایک ایسا میڈیم ہے جس کو معاشرے کی اصلاح کے لئے اور معاشرے میں پلنے والی برائیوں کو روکنے میں خاص کردار ہوتا۔ لیکن یہ بات اِن اَن پروفیشنل ڈرائریکرز کو کون بتائے کہ خدارا معصوم فلم بینوں کے ٹکٹ سے نہ کھیلیں۔ فلم میکنگ میں ایک معیار اپنائیں اور نئی نسل کی پرورش اور ذہنی نشونما میں ماں باپ کی مدد کریں ۔ یہ اُلٹی سیدھے ناموں والی جس میں پرے ہٹ لو سے لے کر سوپر سٹار اور ہیر مان جائے گی سب شامل ہیں ۔ اس طرح کی فلمیں بنا کر لوگ کا وقت اور پیسا دونوں برباد نہ کریں ۔ فضول اور بغیر منہ سر کی فلمیں دکھا کر فلم بین کو بیوقوف نہ سمجھیں ایک اصلاحی اور معیاری انٹر ٹینمنٹ بنا کر معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔