ملتان سکھر موٹروے یکم اکتوبر سے عام ٹریفک کے لئے کھول دی جائے گی


پاکستان کی سب سے طویل ملتان، سکھر موٹروے یکم اکتوبر سے عام ٹریفک کیلئے کھول دی جائے گی۔ سی پیک منصوبے کے تحت 392 کلومیٹر طویل 5 موٹروے کا تعمیراتی کام ایک ماہ قبل مکمل کر لیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ملتان سے سکھر موٹر وے ایم 5 کا بنیادی تعمیراتی کام چند ہفتے قبل ہی مکمل کر لیا گیا تھا، جبکہ اب منصوبے کی آرائش، انٹر چینجز اور عارضی قیام گاہوں کی تعمیر بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ 392 کلو میٹر طویل موٹر وے ایم 5 پر تقریباً 294 ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔

یہ موٹر وے ملتان سے شروع ہو کر شجاع آباد، جلالپور پیر والہ، ہیڈ پنجند، بہاول پور کے قریب اچ شریف، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان، صادق آباد، سندھ کے شہر اوباڑو، گھوٹکی اور پنوعاقل سے ہوتی ہوئی سکھر میں روہڑی کے قریب اختتام پذیر ہو رہی ہے۔ اس سے آگے سکھر سے حیدرآباد تک ایم 6 موٹر وے کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہے۔ امکان ہے کہ ایم 6 موٹروے کی تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔

موٹر وے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب دریائے ستلج کے ایک بڑے پل سمیت مجموعی طور پر 54 پل، 12 سروس ایریاز، 10 ریسٹ ایریا، 11 انٹرچینجز، 10 فلائی اوورز اور 426 انڈرپاسز تعمیر کیے گئے۔ جی ٹی روڈ کے مقابلے میں اگر موٹر وے ایم 5 پر ملتان سے سکھر تک کا سفر کیا جائے تو فاصلہ 75 کلو میٹر کم ہے۔ جبکہ سکھر ملتان موٹروے پر بغیر رکے مسلسل سفر کرنے سے 6 گھنٹے کا سفر کم ہو کر 3 سے ساڑھے 3 گھنٹے رہ جائے گا۔

پاک چین اقتصادی راہداری کے اس اہم منصوبے پر کام کا افتتاح 6 مئی 2016 کو کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ سی پیک کے تحت تعمیر کیے جانے والی موٹروے کا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).