برطانوی وزیر اعظم پارلیمنٹ کو کیسے معطل کر سکتا ہے اور اس کا برطانوی جمہوریت پر کیا اثر ہو گا؟


Boris Johnson walking through the door of No 10 Downing Street
بورس جانس برطانیہ کو یورپی یونین سے علیحدگی کے لیے کوشاں ہیں

برطانیہ کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ پارلیمان کو برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کے وقت معطل کر دے گی۔ حزب اختلاف نے حکومتی فیصلے کو ’بغاوت‘ قرار دیا ہے۔ وزیر اعظم بورس جانسن کا اصرار ہے کہ وہ نئی قانون سازی متعارف کروانا چاہتے ہیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ دس ستمبر کو پارلیمان کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا جائے گا اور اسے 14 اکتوبر تک دوبارہ نہیں بلایا جا سکے گا جب برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کی ڈیڈ لائن میں صرف 17 دن باقی رہ جائیں گے۔

Anti-Brexit protest with EU flags
برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے کے حامی حکومتی فیصلے سے سخت نالاں ہیں

حکومتی مخالفین کا خیال ہے کہ پارلیمان کو معطل کرنے کا مقصد بریگزٹ کے راستے میں پارلیمان کی رکاوٹوں کو روکنا مقصود ہے۔ حکومت کے حامیوں کے خیال میں پارلیمان کو معطل کرنا اس لیے ضروری ہے تاکہ ملکۂ برطانیہ پارلیمنٹ سے خطاب کر سکیں جس کی پہلے ہی تاخیر ہو چکی ہے۔

حکومت پارلیمنٹ کو کیونکر بند کر سکتی ہے؟

پارلیمنٹ کو ’پروروگ‘ یا معطل کرنا خالصتاً حکومتی اختیار ہے کہ پارلیمنٹ کا اجلاس کب ہو گا اور دونوں ایوان، دارالعوام اور دارالامرا بھی اس حکومتی فیصلے کو تبدیل نہیں کر سکتے۔

House of Lords during the Queen's speech
ملکہ برطانیہ کا پارلیمان سے خطاب برطانوی سیاست کا ایک قابل دید موقع ہوتا ہے

ملکہ کا پارلیمنٹ سے خطاب ہر پارلیمانی سال کے شروع میں ہوتا ہے، ملکہ بکنگھم پیلس سے بگھی میں نکلتی ہیں اور لندن کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے پارلیمنٹ پہنچتی ہیں۔ ملکہ برطانیہ دارالامرا میں داخل ہوتی ہیں اور دارالعوام کے نمائندوں کو طلب کر کے حکومت کی طرف سے تیار کی گئی تقریر پڑھتی ہیں جس میں وزیر اعظم کے ان منصوبوں کا ذکر ہوتا ہے جس پر وہ قانون سازی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

Queen Elizabeth II giving her speech from a throne
ملکہ برطانیہ سونے کے تخت پر بیٹھ کر حکومت کی لکھی ہوئی تقریر پڑھتی ہیں

یہ روایت 16 ویں صدی سے جاری ہے اور پارلیمانی سال میں صرف ایک بار ایسا ہوتا ہے۔ البتہ اس کے بارے میں کوئی ضوابط قلم بند نہیں کیے گئے ہیں۔ ملکۂ برطانیہ نے سنہ 2017 سے پارلیمنٹ سے خطاب نہیں کیا ہے۔

Exterior of Houses of Parliament
پارلیمان کو پانچ ہفتوں کے لیے معطل کیا جا سکتا ہے

وقت اتنا متنازع کیوں ہے؟

حکومت کے مخالفین کا خیال ہے کہ اس وقت کا انتخاب یہ سوچ کر کیا گیا ہے تاکہ عوامی نمائندے برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار نہ کر سکیں۔ لیبر پارٹی کے شیڈو چانسلر جان میکڈانل نے کہا ’ اس پر کسی کو گمان نہیں ہونا چاہیے کہ یہ برطانوی طرز کی بغاوت ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ بریگزٹ کے بارے آپ کی رائے جو بھی ہو، لیکن اگر آپ وزیر اعظم کو جمہوری اداروں کی آزادانہ کارروائی کو روکنے کی اجازت دے دیں گے تو پھر آپ انتہائی خطرناک راستے پر چل رہے ہیں۔‘

شیڈو چانسلر جان میکڈانل کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانس چاہ رہے ہیں کہ بغیر کسی معاہدے کے یورپی یونین کو چھوڑنے کی صورت میں پارلیمنٹ ان کے راستے میں نہ آ سکے۔ برطانیہ کو 31 اکتوبر تک یورپی یونین سے علیحدہ ہونا ہے لیکن کچھ ممبران پارلیمنٹ چاہتے ہیں کہ اگر برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین کوئی معاہدہ طے نہیں پاتا تو علیحدگی کی تاریخ میں تبدیلی کر کے اسے مزید دور لے جایا جائے۔

اگر پارلیمنٹ کا اجلاس پانچ ہفتوں تک روک دیا گیا تو برطانیہ کے یورپی یونین کو چھوڑنے کی تاریخ میں اضافہ ممکن نہیں ہو سکے گا۔

John Bercow in parliament
دارالعوام کے سپیکر جان برکو نے حکومت فیصلے پر تنقید کی ہے

دارالعوم کے سپیکر جان برکو بظاہر اس خیال کے حامی لگتے ہیں اور حکومتی منصوبے کو’آئینی بے حرمتی‘ قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو معطل رکھنے کے فیصلے کو جو بھی پہناؤا پہنا دیں لیکن یہ واضح ہے کہ اجلاس کو ملتوی کرنے کا مقصد عوام کے نمائندوں کو بریگزٹ پر بحث سے محروم رکھنا ہے اور انھیں ملک کے لیے راستے متعین کرنے کی ذمہ داری ادا نہ کرنے دینا مقصود ہے۔ انھوں نے کہ قومی تاریخ کے ایسے مشکل موڑ پر عوام کے منتخب نمائندوں کو ان کا کردار ادا کرنے دینا بہت ضروری ہے۔

کیا یہ عام سی بات ہے؟

یقیناً حکومت اس خیال سے متفق نہیں ہے۔ وزیر اعظم بورس جانسن سے جب کہا گیا کہ پارلیمنٹ کی معطلی جمہوریت کی بےحرمتی ہے جس میں عوامی نمائندے بریگزٹ کے حوالے اپنے خیالات کا اظہار نہیں کر سکیں گے، تو وزیر اعظم نے کہا ’نہیں یہ بالکل جھوٹ ہے۔‘

Boris Johnson next to a British flag
وزیراعظم بورس جانسن کے خیال میں پارلیمان کے اجلاس کو معطل کرنے کا بریگزٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے

وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد حکومت کو موقع دینا ہے کہ وہ اپنا ایجنڈا دے سکے۔

وزیر اعظم نے کہا ’ہمیں نئی قانون سازی کی ضرورت ہے۔ ہمیں قوانین کے لیے نئے بل متعارف کروانے ہیں۔ ملکہ 14 اکتوبر کو پارلیمنٹ سے خطاب کریں گی اور ہمیں قانون سازی کے نئے پروگرام کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔‘

لیکن وزیر اعظم کے کچھ حامی اس کو مانتے ہیں کہ پارلیمنٹ کو معطل کرنے کے وقت کا برطانیہ کے یورپی یونین سے ممکنہ علیحدگی سے تعلق ہے۔

کنزرویٹو ایم پی پولین لیتھم نے کہا ’مجھے اطمینان ہے کہ بورس جانسن وہ کچھ کر رہے ہیں جو برطانیہ کو یورپی یونین سے علیحدگی کے لیے کرنا ضروری ہے اور عوام اس کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کر چکی ہے۔‘

ایک منقسم ملک

خواہ لوگ وزیر اعظم کے فیصلے کو قانونی سمجھیں یا جمہوری بےحرمتی لیکن یہ سب کچھ ایک نکتے پر منتج ہو جاتا ہے اور وہ ہے بریگزٹ۔ بریگزٹ نے ملکی اتحاد کو پارہ پارہ کر دیا ہے۔ اس سے نہ صرف معاشرہ منقسم ہو گیا ہے بلکہ سیاسی جماعتوں کے اتحاد بھی دراڑیں پڑ چکی ہیں۔ جو لوگ بریگزٹ کے حامی ہیں ان کی نظر میں پارلیمنٹ کو کچھ ہفتوں کے لیے معطل کر دینا یورپی یونین سے علیحدگی کی ایک چھوٹی سی قیمت ہے۔

Woman with EU and UK flags
کچھ سیاسی کارکن بریگزٹ کو روکنے کی سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں

یورپی یونین میں رہنے کےحامی سمجھتے ہیں پارلیمنٹ کو معطل کرنا برطانوی جمہوریت کے دل پر وار کے مترادف ہے۔ جو لوگ یورپی یونین سے علیحدگی کے حامی ہیں ان کی نظر میں پارلیمنٹ کے ممبران برطانوی عوام کی رائے کو نظر انداز کے بریگزٹ کو روکنا چاہتے ہیں۔ سنہ 2016 میں ہونے والے ریفرنڈم میں 52 فیصد برطانوی ووٹروں نے یورپی یونین سے علیحدگی جبکہ 48 فیصد نے یورپی یونین میں رہنے کے حق میں ووٹ ڈالا تھا۔

اس ساری بحث کا محور برطانوی آئین ہے جو دوسرے کئی ممالک کے برعکس غیر تحریر شدہ آئین ہے اور یہ صدیوں پر محیط جمہوری روایات، پارلیمنٹ سے منظور شدہ قوانین اور عدالتی فیصلوں پر مشتمل ہے۔

Pro-Brexit supporters
کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ برطانیہ کو ہر صورت یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کر لینی چاہیے

یہ سارا نظام اس وقت اچھا چلتا ہے جب سیاستدان اصولوں پر چلنے پر رضامند ہوں لیکن آج کے منقسم برطانیہ میں جہاں یورپی یونین سے علیحدگی یا اس میں رہنے سے وسیع مفادات وابستہ ہیں، دونوں اطراف سے سیاستدان اپنی جیت کے لیے کچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہیں اور پارلیمانی روایات ان کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتیں۔

لیبر پارٹی کی سینیئر ممبر پارلیمنٹ مارگریٹ بیکٹ نے اپنے تبصرے میں کہا: ’ہماری تاریخ میں پارلیمنٹ کے بغیر حکومتوں کی نظیر موجود ہیں لیکن جب آخری بار ایسا ہوا تھا تو اس کا نتیجہ خانہ جنگی پر نکلا تھا۔‘

قطع نظر اس کے کہ برطانیہ یورپی یونین کا حصہ رہتا ہے یا اس سے علیحدہ ہو جاتا ہے، لیکن برطانوی سیاست ایک لمبے عرصے تک تلخ اور منقسم رہے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp