عمران خان نے مجھے سینیٹر بننے کی پیش کش کی تھی جو میں نے مسترد کر دی: صحافی ہارون رشید


سینئر صحافی ہارون رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان نے انہیں سینیٹر بننے کی پیش کش کی تھی جو انہوں نے مسترد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق تجزیہ کار ہارون رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ماضی کے حکمرانوں سے بہتر ہیں، تاہم انہیں اپنی تعریف سننا بہت پسند ہے، یہ ان کی بہت بڑی خامی ہے۔

ہارون رشید نے بتایا کہ انہوں نے کافی وقت عمران خان کے ساتھ گزارا، لیکن انہیں کوئی لالچ نہیں تھا۔ انہیں جو بہتر لگتا تھا، وہ عمران خان کے بارے میں وہی تحریر کرتے تھے اور اب بھی ایسا کرتے ہیں۔ وہ عمران خان کی تعریف کرتے ہیں اور ان پر کھل کر تنقید بھی کرتے ہیں۔

ہارون رشید کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سے یہ سمجھتے تھے کہ عمران خان نواز شریف اور آصف زرداری جیسے سیاستدانوں سے بہت بہتر ہے، اور وہ آج بھی اپنی اس رائے پر قائم ہیں۔ تاہم عمران خان میں بھی بہت سے خامیاں موجود ہیں۔ عمران خان کی پارٹی تحریک انصاف کسی طور پر ایک منظم سیاسی جماعت نہیں ہے۔ ہارون رشید کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان نے انہیں بھی سینیٹر بننے کی پیش کش کی تھی تاہم انہوں نے فوری انکار کر دیا تھا۔

ہارون رشید مزید کہتے ہیں کہ عمران خان کرپٹ تو نہیں ہیں لیکن ان کی ایک بہت بڑی خامی یہ ہے کہ انہیں اپنی تعریف سننا بہت پسند ہے۔ کرکٹ کے دور میں بھی وہ ایسے ہی تھے اور وہ اب بھی ایسے ہی ہیں۔ اس کے علاوہ سیاسی معاملات کو لے کر عمران خان غلطیاں پر غلطیاں کرتے ہیں اور اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش نہیں کرتے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).