اکتوبرنومبرمیں پاک بھارت جنگ دیکھ رہا ہوں: شیخ رشید  


وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے نہ ہوئے تو وقت ہمیں معاف نہیں کرے گا اور اکتوبر نومبرمیں پاک بھارت جنگ دیکھ رہا ہوں۔

وفاقی وزیرشیخ رشید نے یکجہتی کشمیر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے زیادہ امید نہیں رکھنی چاہیے، اکتوبرنومبرمیں پاک بھارت جنگ دیکھ رہا ہوں، فیصلہ کشمیریوں کی جدوجہد نے کرنا ہے، عمران خان کی 27 ستمبرکی تقریر اہم ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کشمیریوں کے ساتھ کھڑے نہ ہوئے تو وقت ہمیں معاف نہیں کرے گا، ہمارے معاشی، سیاسی، دفاعی مسائل ہیں مگر پاکستانی نوجوان کشمیر کے لئے جیتا مرتا ہے، پہلی بار کہہ رہا ہوں یہ گھی سیدھی انگلی سے نہیں نکلے گا، فوج نے جو 23 سال سے تیاری کی اب اس کے استعمال کا وقت آگیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا چاہ بہار جانے کے لئے مودی گوادر کو رکاوٹ سمجھتا ہے، اس وقت چین ہمارے ساتھ کھڑا ہے، وہ لوگ جو گھروں میں بیٹھے ہیں وہ ہمارے ساتھ نہیں، جو مسلمان سڑکوں پر بیٹھے ہیں وہ ہمارے ساتھ ہیں، آج ہمارا میڈیا دنیا میں سب سے زیادہ مضبوط ہے، نہرو اور گاندھی کا بھارت مر چکا ہے، آج مذاکرات کاوقت نہیں، پاکستان اور بھارت میں دس جنگیں ہوچکیں یا ہوتے رہ گئیں اب یہ آخری جنگ ہوگی، ہم تھکے ہوئے سیاست دان ہیں جو آخری 5 اوور کا سیاسی میچ کھیل رہے ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ جہاد کے وقت جو منہ موڑتا ہے، وہ دوزخ میں جائے گا، کیا ایٹمی ٹیکنالوجی کرائے پر دینے کے لئے رکھی ہے، ایٹمی ہتھیار شب برات اور دیوالی پر چلانے کے لئے نہیں رکھے، جنگ ہوئی تو خون کے آخری قطرے اور آخری گولی تک لڑیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).