عمران خان نے رزاق داؤد کے خاندان کی کمپنی کو اربوں روپے معاف کئے: پیپلزپارٹی کا سنگین الزام


چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے مالی سہولت کاروں کے ذمے 300 ارب روپے معاف کئے۔ اسے ملکی تاریخ میں کرپشن کا سب سے بڑا اسکینڈل قرار دیتے ہوئے سینیٹر مصطفی نواز نے کہا ہے کہ جی آئی ڈی سی کے 300 ارب روپے صنعتکاروں کو معاف کرنے پر نیب ریفرنس دائر کرے۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ یہ عوام کے پیسے تھے جو قومی خزانے کو منتقل ہونےتھے وہ کیسے معاف کئے جا سکتے ہیں؟

سینیٹر مصطفی نواز نے الزام لگایا کہ عمران خان نے اپنے مشیروں کی کمپنیوں کو قوم کے اربوں روپے بخشیش کے طور پر معاف کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رزاق داؤد کے خاندان کی کمپنی کو اربوں روپے معاف کرنا مفادات کے ٹکراؤ کی بدترین مثال ہے۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ملک میں کوئی آئین ہے نہ قانون۔ پشاور میں مالم جبہ اور اب جی آئی ڈی سی اسکینڈل پر نیب کا حرکت میں نہ آنا سلیکٹڈ احتساب کا ثبوت ہے۔

Facebook Comments HS