مسلم لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی نے دوستوں کے ساتھ مل کر خاتون کو مجرمانہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا


مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے فیصل نیازی نے دوستوں کے ساتھ مل کر خاتون کی عزت لوٹ لی۔ با اثر ممبر صوبائی اسمبلی نے خاتون کو ملازمت کا جھانسہ دے کر لاہور بلایا اور اپنے دوستوں سمیت اس کی عزت سے کھیلتا رہا۔ خاتون کی درخواست پر تھانہ نواب ٹاؤن لاہور میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تاہم اطلاعات کے مطابق بااثر ملزمان تفتیش میں رکاوٹ بن رہے ہیں اور خاتون کے خلاف پنجاب کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرا کے اسے بلیک میل کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ع ش نامی خاتون نے تھانہ نواب ٹاؤن میں درخواست دی کہ خانیوال کے حلقہ پی پی 209 سے ہنجاب اسمبلی کے رکن فیصل نیازی نے ملازمت کا جھانسہ دے کر اسے لاہور بلایا۔ وہ کاغذات لے کر لبرٹی آگئی جہاں فیصل نیازی اپنے دوست راشد ترین کے ہمراہ گاڑی پر بیٹھے ہوئے تھے۔ انہوں نے مجھے گاڑی میں بٹھا لیا اور جوہر ٹاؤن کی طرف روانہ ہو گئے۔ فیصل نیازی سائلہ کے ساتھ پیچھے بیٹھا نازیبا حرکتیں کرتا رہا۔ کچھ دیر بعد اس نے مجھے کہا کہ تمہاری ملازمت راشد ترین کرائے گا اور خود گاڑی سے اترگیا۔

راشد ترین مجھے رائل ہوٹل لے گیا وہاں ایک اور شخص، جسے میں نہیں جانتی، بھی آ گیا۔ ان دونوں نے مجھے اسلحہ دکھا کر ڈرایا دھمکایا، شراب پلائی اور زنا بالجبر کرتے رہے۔ میں نے موقع پاتے ہی ون فائیو پر فون کیا۔ پولیس کے آتے ہی نامعلوم شخص فرار ہوگیا جب کہ راشد ترین کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی ہے مگر ذرائع کے مطابق با اثر ملزمان نہ صرف تفتیش پر اثر انداز ہورہے ہیں بلکہ مدعیہ کے خلاف پنجاب کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کروا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ فیصل خان نیازی خانیوال سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ہیں۔ انہوں نے 2013 میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا تاہم 2018 میں ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ (نواز) میں شامل ہو گئے

Facebook Comments HS