انوشکا سے پہلی ملاقات اور ہنی مون کی باتیں: کوہلی کی زبانی
وراٹ کوہلی کی انوشکا شرما سے پہلی ملاقات ایک شیمپو کے اشتہار کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی اور بقول ان کے اس دوران وہ بہت نروس تھے۔
انڈیا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے امریکہ میں ایک ٹی وی شو ‘ان ڈیپتھ ود گراہم بنسنگر’ میں اپنی نجی زندگی کے بارے میں سوالوں کے جواب دیے اور بتایا کہ اس طرح ان کی انوشکا شرما سے پہلے ملاقات ہوئی۔
وراٹ کوہلی نے کہا کہ ’میں انوشکا سے پہلی بار شیمپور کے ایڈ کی شوٹنگ کے دوران ملا تھا۔ یہ شوٹنگ تین دنوں تک چلی تھی۔ میرے مینیجر نے بتایا تھا کہ یہ ایڈ انوشکا شرما کے ساتھ کرنا ہے۔ یہ سن کر میں نروس ہو گیا تھا۔ میں نے مینیجر سے کہا کہ وہ پروفیشنل ایکٹرس ہیں میں ان کے ساتھ کیسے ایکٹنگ کروں گا۔ میرے مینیجر نے سمجھایا کہ سب ٹھیک ہو گا۔ ایڈ کی سکرپٹ مزیدار ہے، میں پھر بھی بہت نروس تھا۔‘

وراٹ کوہلی نے انٹرویو میں پہلی ملاقات کے علاوہ اپنے اور انشوکا کے رشتے کے بارے میں اور بھی بہت سی دلچسپ باتیں کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان دونوں کی زندگی ایک جیسی گزری تھی۔ دونوں کے کیریئر بھی ایک ہی وقت 2008 میں شروع ہوئے اور دونوں کے خاندان بھی ایک جیسے ہی ہیں۔

وراٹ کوہلی نے بتایا کہ ان کی شادی میں صرف 42 لوگ ہی شریک ہوئے تھے۔ ان کی شادی اٹلی میں ہوئی تھی اور اٹلی سے واپس آ کر دو فنکشن رکھے گئے تھے ایک بالی وڈ کے لیے اور ایک کرکٹروں کے لیے۔
اپنے ہنی مون کے بارے میں بھی انہوں نے ایک دلچسپ قصہ سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بھیڑ سے دور جانا چاہتے تھے۔ وہ ایسی جگہ جانا چاہتے تھے جہاں انہیں کوئی نہ پہچانتا ہو۔

’اس وقت میں یہی سوچ رہا تھا کہ ہم کسی ایسی جگہ کب جائیں گے جہاں ہمیں کوئی نہ پہچانتا ہو‘۔
Sep 6, 2019


