چندریان 2: چاند کی سطح پر انڈین چاند گاڑی وکرم لینڈر مل گئی


انڈیا خلائی مشن

انڈین خلائی ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے چیف کے سیون نے اتوار کو کہا ہے کہ خلائی مشن چندریان 2 کی چاند گاڑی وکرم ماڈیول کو چاند کی سطح پر تلاش کر لیا گیا ہے۔ سنیچر کے روز انڈیا کے خلائی مشن کو اس وقت دھچکا پہنچا تھا جب وکرم لینڈر کا چاند کی سطح سے 2.1 کلومیٹر رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق کے سیون نے کہا ہے کہ ‘ہم نے چاند کی سطح پر (وکرم) لینڈر کو تلاش کر لیا ہے۔’ ‘عین ممکن ہے کہ (وکرم لینڈر کی) لینڈنگ زور سے ہوئی۔’ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا لینڈر کو کوئی نقصان پہنچا، تو اسرو چیف کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں فی الحال اس کا علم نہیں۔’

کے سیون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چاند پر انڈیا کے خلائی مشن کو جاری رکھا گیا ہے۔ انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی کو دیے بیان میں اسرو چیف نے کہا اوربیٹر نے وکرم لینڈر کی تھرمل تصاویر کھینچ لی ہیں۔ ‘ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اس سے رابطہ بحال ہو سکے۔’

تاہم انھوں نے وضاحت کی کہ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

کے سیون
انڈین خلائی ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے چیف کے سیون

چاند گاڑی کا زمین سے رابطہ منقطع

سنیچر کو انڈین خلائی مشن چندریان 2 کے ساتھ رابطہ اس وقت منقطع ہوا جب اس کا وکرم ماڈیول چاند کے جنوبی قطب پر لینڈنگ سے چند لمحے دور تھا۔ اسرو کے چیف نے مشن کے بارے میں کہا تھا کہ ‘چاند گاڑی وکرم منصوبے کے مطابق اتر رہی تھی اور چاند کی سطح سے 2.1 کلومیٹر دور سب کچھ معمول پر تھا۔’

‘لیکن اس کے بعد اس کا رابطہ ختم ہو گیا۔ اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے گا۔’

اگر انڈیا کو اس مشن میں کامیابی حاصل ہو جاتی تو وہ سابق سوویت یونین، امریکہ اور چین کے بعد چاند کی سطح پر لینڈنگ کرنے والا چوتھا ملک بن جائے گا۔ یاد رہے کہ انڈیا کے چاند کے پہلے مشن چندرائن 1 نے ریڈارز کی مدد سے سنہ 2008 میں چاند کی سطح پر پانی کی پہلی اور سب سے مفصل تلاش کی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32192 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp