لاہور میں پولیس تشدد سے نوجوان کی موت: ویڈیو بھی مل گئی


لاہور: تھانہ شمالی چھاؤنی لاہور میں پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے عامر مسیح کی موت کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی ہے۔ اس کے علاوہ پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی تشدد کی تصدیق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق پوسٹ رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ عامر مسیح کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عامر مسیح کے دونوں ہاتھوں اور پاؤں پر تشدد کے نشان تھے، کمر اور بازو پر بھی تشدد کے نشانات تھے، پسلیاں بھی ٹوٹی ہوئی تھیں۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عامر مسیح پر کسی کند آلے سے تشدد کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے 25 سالہ عامر مسیح کو 28 اگست کو چوری کے الزام میں تھانہ شمالی چھاؤنی بلایا گیا تھا جہاں 4 روز تشدد کرنے کے بعد 2 ستمبر کو نازک حالت میں صدر کینٹ کے اسپتال پہنچایا گیا۔

عامر مسیح نے سروسز اسپتال میں دم توڑا، جس کے بعد ورثا نے جیل روڈ پر پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
خبریں میڈیا کی زینت بننے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی عارف نواز خان نے بھی نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کی، ایک پولیس افسر کو گرفتار کیا گیا جب کہ ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن کو عہدے سے ہٹایا گیا۔

عامر مسیح کے قتل کے الزام میں سب انسپکٹر ذیشان سمیت چھ پولیس افسران کو نامزد کیا گیا ہے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

واضح رہے ان دنوں میں پنجاب پولیس کے ہاتھوں تشدد کے کیسز تواتر کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں جس پر عوامی سطح پر بھی سخت احتجاج کیا جا رہا ہے، گزشتہ دنوں پولیس حراست میں ایک ذہنی معذور اے ٹی ایم چور کو بھی بے دردی سے قتل کیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).