چرس پینے میں کراچی دنیا بھر کے شہروں میں دوسرے نمبر پر


پاکستان میں چرس پینا بھی جرم ہے اور اس کی کاشت، پیداوار، تیاری، خریدو فروخت اور تقسیم بھی ایک فوجداری جرم ہے، جس کی سزا سات سال قید اور جرمانہ ہے۔ تاہم ایک رپورٹ کے مطابق چرس کے استعمال میں کراچی دنیا بھر کے شہروں میں دوسرے نمبر پر ہے۔

برلن میں قائم ڈیٹا فرم اے بی سی ڈی کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، چرس کے حوالے سے نیویارک 77440 کلوگرام سالانہ کھپت کے ساتھ دنیا میں سرفہرست ہے۔ پاکستان کا شہر کراچی 41950 کلوگرام کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ دہلی 38260 کلوگرام کھپت کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔

چرس پینے کے حوالے سے سرفہرست دس شہروں میں 3 امریکی شہر نیویارک، لاس اینجلس اور شکاگو ہیں۔ دو بھارتی شہر دہلی اور ممبئی ہیں۔ پہلے دس شہروں میں مسلم ممالک کے دو شہر کراچی اور قاہرہ ہیں، جہاں چرس پینا قانونا ًجرم ہے۔

نیویارک، دہلی اور ممبئی میں چرس پینے کی قانون جزوی اجازت دیتا ہے، برطانیہ کا شہر لندن بھی اس فہرست میں ہے جہاں یہ نشہ جرم ہے، اس فہرست میں شامل شہروں میں لاس اینجلس، شکاگو، ماسکو اور ٹورنٹو وہ شہر ہیں جہاں چرس کے استعمال کی قانون اجازت دیتا ہے۔ بھنگ کی اوسط قیمت 685 روپے (  4 اعشاریہ 38 ڈالر) فی گرام ہے، دنیا میں سب سے زیادہ سستی چرس دہلی میں ملتی ہے۔

2017 کی ایک تحقیق کے مطابق چرس کے نشے سے ہلاکت کا خطرہ 3 گنا زیادہ ہوتا ہے۔ چرس کا نشہ کرنے والوں میں، ہائی بلڈ پریشر سے ہلاک ہونے کا خطرہ ان لوگوں کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ ہوتا ہے جنہوں نے یہ نشہ کبھی نہ کیا ہو۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).