ڈونلڈ ٹرمپ نے حمزہ بن لادن کے مارے جانے کی تصدیق کر دی


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ شدت پسند تنظیم القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن ایک امریکی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ امریکی میڈیا نے حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ حمزہ بن لادن ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکہ نے 30 سالہ حمزہ بن لادن کو دو سال پہلے سرکاری طور پر عالمی دہشت گرد قرار دے دیا تھا۔ حمزہ بن لادن کو بڑے پیمانے پر اپنے والد اسامہ بن لادن کے ممکنہ جانشین کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ اگرچہ ان کی عمر 30 سال تھی تاہم انھوں نے اپنے والد کے مارے جانے کے بعد آڈیو اور ویڈیو پیغامات میں امریکہ اور دیگر ممالک پر حملوں کی دھمکی دی تھی۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے سنیچر کو جاری کیے جانے والے ایک مختصر بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’شدت پسند تنظیم القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن پاک افغان سرحد کے قریب انسداد دہشت گردی کی ایک کارروائی میں مارے جا چکے ہیں۔‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’حمزہ بن لادن کی ہلاکت سے القاعدہ ناصرف اہم قائدانہ صلاحتیوں اور اسامہ بن لادن کے ساتھ علامتی تعلق سے محروم ہو گئی بلکہ اس سے گروپ کی اہم سرگرمیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔‘

بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ حمزہ بن لادن کو کب اور کہاں ہلاک کیا گیا۔ خیال رہے کہ اس سال فروری میں امریکی حکومت نے حمزہ بن لادن کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 10 لاکھ ڈالر کا انعام مختص کیا تھا۔ حمزہ بن لادن کو القاعدہ کے ابھرتے ہوئے رہنما کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ امریکی حکام نے رواں برس اگست میں دعویٰ کیا تھا کہ اسامہ بن لادن کے جانشین حمزہ بن لادن ہلاک ہو گئے ہیں۔ تاہم اس دعوے کے بعد حمزہ بن لادن کی موت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی مزید تفصیلات نہیں فراہم کی گئی تھیں اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ انھیں کب اور کہاں ہلاک کیا گیا۔

اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی عمر 30 سال تھی اور 11 ستمبر 2001 کو جب امریکہ میں حملے کیے گئے تھے۔ تب وہ اپنے والد کے ہمراہ افغانستان میں موجود تھے۔ حمزہ بن لادن نے ماضی میں مغربی ممالک میں دہشت گردی کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے انھیں سنہ 2017 میں عالمی دہشت گرد قرار دیا جب انھوں نے امریکہ کو اسامہ بن لادن کو قتل کرنے پر انتقام کی دھمکیاں دیں۔

اس سال مارچ میں سعودی عرب نے اعلان کیا کہ انھوں نے حمزہ بن لادن کی شہریت منسوخ کر دی ہے اور کہا کہ یہ فیصلہ نومبر سنہ 2018 میں جاری کیے گئے شاہی فرمان کے تحت لیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32535 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp