شیخ رشید گرم جگہ تو کیا، ٹھنڈی جگہ پر بھی ’فارغ‘ ہو جاتے ہیں: حافظ حسین احمد

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا ”مذہب کارڈ” کو جوازبنانا محض ”بہانہ” ہے، دراصل کچھ طاقتوں کی خوشنودی ” نشانہ ” ہے۔ آزادی مارچ میں مشترکہ یک نکاتی ایجنڈا صرف نئے منصفانہ انتخابات کا مطالبہ ہی ہو گا۔ مذہب کارڈ کے استعمال کا جواز بنا کر بہانے نہ بنائے جائیں۔ جگہ ”گرم ”ہو یا” نرم”، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ شیخ رشید ہی گرم جگہ سے بچنے کے لیے اپنی وفاداریاں بدلتے ہیں۔ وہ کبھی نواز شریف کے قدموں تو کبھی پرویز مشرف کے بوٹوں میں نظر آئے۔ شیخ رشید شیخ چلی نہ بنیں۔ وہ گرم جگہ تو کیا، ٹھنڈی جگہ پر بھی ”فارغ” ہو جاتے ہیں۔ بانی پاکستان نے تحریک آزادی کے لیے کیا مذہبی کارڈ کا استعمال نہیں کیا تھا؟ کیا آئین کی روح کے مطابق عمل کا مطالبہ غیر آئینی ہے؟

اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں ’وائس آف امریکہ‘ کی نمائندہ محترمہ گیتی آرا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ عمران خان نے امریکہ یاترا سے قبل امریکہ کی خوشنودی کے لیے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی مدد اور تعاون کے لیے جانے والوں کو ”ظالم” کہا جس کو امریکہ نے سراہا کیوں کہ کشمیر میں ظلم کرنے والے بھارت کے تکون میں امریکہ اور اسرائیل شامل ہیں۔ حافظ حسین احمدنے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کا یہ کہنا کہ جے یو آئی ”مذہب کارڈ” استعمال کر رہی ہے محض ”بہانہ” ہے دراصل کچھ طاقتوں کی خوشنودی ”نشانہ” ہے۔

جے یو آئی کے جانثار ورکرز اور حامی مذہبی طبقہ سے بھی تعلق رکھتے ہیں ہم ان کے مذہبی جذبات اور ناموس رسالت، ختم نبوت سمیت تمام معاملات کا دفاع کریں گے لیکن آزادی مارچ میں صرف مشترکہ یک نکاتی ایجنڈا منصفانہ نئے انتخابات کا مطالبہ ہی ہوگا۔  ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم تحمل کے ساتھ بلاول اور پیپلز پارٹی کے اعتراضات کا سامنا کریں گے حالانکہ سندھ کے حوالے سے اگر وہ ”سندھ کارڈ” کو استعمال کر بھی رہے ہیں تب بھی ہم اپنے اس حوالے سے تحفظات کے باوجود ان کو گلے لگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم، صدارتی الیکشن اور چیئرمین سینٹ کے انتخابات کے وقت بھی پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپنی راہ الگ رکھی اس وقت تو ”مذہبی کارڈ” کا بہانہ بھی نہ تھا لیکن جب اس تعاون اور اپوزیشن کے اتحاد میں رخنہ ڈالنے کے باوجود بھی ان کے خلاف اقدام ہوا تو کیا وہ مولانا فضل الرحمن کے پاس آ کر تحریک چلانے کے لیے اصرار نہیں کرتے رہے۔

ایک سوال کے جواب میں حافظ حسین احمد نے کہ بانی پاکستان نے تحریک آزادی کے لیے کیا مذہبی کارڈ کا استعمال نہیں کیا تھا اور کیا آئین پاکستان کی روح کے مطابق عمل کا مطالبہ غیر آئینی ہے؟ انہوں نے کہا کہ جہاں تک شیخ رشید کے شیخی بگھارنے کا تعلق ہے تو جگہ گرم ہو یا نرم، ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مولانا فضل الرحمن انشاء اللہ ضائع نہیں ہوں گے بلکہ وہ اور ان کے رفقا و پیروکار کامیاب و کامران ہوں گے۔ یہ تو شیخ رشید ہی ہیں جو گرم جگہ سے بچنے کے لیے اپنی وفاداریاں بدل لیتے ہیں کبھی وہ نواز شریف کے قدموں میں اور کبھی جنرل پرویز مشرف کے بوٹوں میں نظر آتے تھے۔ آج کل وہ عمران خان کے تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں جو ان کو چپراسی لگانا بھی نہیں چاہتے تھے۔ شیخ رشید شیخ چلی نہ بنیں۔ وہ گرم جگہ تو کیا بلکہ ٹھنڈی جگہ پر بھی ”فارغ” ہوجاتے ہیں۔

بشکریہ: صباح نیوز

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •