دو ٹکے کے گستاخ صحافی ایسی محترم ہستی کی شان میں گستاخی کر رہے ہیں جس کا دوپٹہ صحافیوں کی تنخواہ سے مہنگا ہوتا ہے: حامد میر


سینئر صحافی و اینکر پرسن حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ایک سوٹ کئی لاکھ روپے کا ہوتا ہے اور ان کے سر کا دوپٹہ کئی صحافیوں کی تنخواہ سے بھی زیادہ مہنگا ہوتا ہے۔ حامد میر کی جانب سے یہ دعویٰ معاون خصوصی برائے اطلاعات کی جانب سے زلزلے کے حوالے سے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک تقریب کے دوران زلزلے کے حوالے سے انتہائی افسوسناک بیان دیتے ہوئے کہا تھا ’یہ نشانی ہے کہ جب کوئی تبدیلی آتی ہے تو نیچے بے تابی ہوتی ہے، یہ تبدیلی کی نشانی ہے کہ زمین نے بھی کروٹ لی ہے، اس کو بھی اتنی جلدی یہ تبدیلی قبول نہیں ہے۔‘

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کی جانب سے ایسا غیر ذمہ دارانہ بیان سامنے آنے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ ایک صحافی وسیم عباسی نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’ زلزلے کی تباہ کاریوں سے ہر آنکھ اشک بار ہے مگر محترمہ اس کو کھلکھلا کر زمین کی طرف سے تبدیلی کی مزاحمت قرار دے رہی ہیں۔‘

وسیم عباسی نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان پر تنقید کی تو حامد میر بھی میدان میں آگئے اور طنزاً لکھا ’ دو دو ٹکے کے گستاخ صحافی ایک ایسی محترم ہستی کی شان میں گستاخی کر رہے ہیں جس کا ایک سوٹ ہی کئی لاکھ کا ہوتا ہے اور اس کے سر پر ڈالی ہوئی چادر کی قیمت دو دو ٹکے کے صحافیوں کی ایک مہینے کی تنخواہ کے برابر ہے ، آپ تبدیلی کو بھلے دو ٹکے کا نہ سمجھو لیکن اپنی اوقات کو تو نہ بھولیے۔‘

واضح رہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے حال ہی میں ایک بیان میں حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں کو دو دو ٹکے کے لوگ قرار دیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).