غزوہ ہند سر پر آ پہنچا، قومی احتساب کا آپریشن تھیٹر عمران خان کے حوالے کر دیا جائے گا: پیر پنجر سرکار


سیاسی پیش گوئیوں کی شہرت رکھنے والے صاحب گفتار اور مرد درویش پیر پنجر سرکار نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیر کی آزادی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ آستانہ عالیہ، محمدیہ، غوثیہ، مجددیہ، چشتیہ میں منعقدہ محفل گیارہویں شریف سے خطاب کرتے ہوئے پیر پنجر سرکار نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر جنگ ہوتی ہوئی نظر نہیں آ رہی، البتہ غزوہ ہند ضرور ہو گا اور ہندو مذہب اپنے منطقی انجام پر پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ اسلام کا بول بالا ہو گا۔ پیر پنجر سرکار نے کہا ہے کہ مودی اپنی ہی بنائی ہوئی چومکھی میں پھنس چکا ہے اور وہ کشمیر پلیٹ میں رکھ کر پاکستان کے حوالے کرے گا۔

 انہوں نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ اس سارے کھیل میں دوسروں کی بساط لپیٹتے لپیٹتے مودی کی اپنی بساط لپیٹ دی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بے گناہ کشمیریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والا مودی اپنے ہی خون سے رنگیں ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

پیر پنجر سرکار نے کہا ہے کہ پاکستان میں بے رحمانہ اور کڑا احتساب ہوگا اور کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ تمام لیٹرے حواریوں سمیت پابند سلاسل کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد علماء پچارو سے اتر کر سائیکلوں پر اور کرپٹ سیاستدان گلیوں میں مانگتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب کا آپریشن تھیڑ عمران خان کے حوالے کر دیا جائے گا اور پھر لیٹروں کا بے دردی سے آپریشن کیا جائے گا۔ اس آپریشن کے دوران اس کے کئی ساتھی ڈاکٹر استعفے دے کر تھیڑ سے باہر چلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ مولانا محمد اکرم اعوان کے انتقال کے بعد سطھ مرتفع پوٹھوہار میں ہر طرف پیر پنجر سرکار کا بول بالا ہے۔ حضرت صاحب نے جنوری 2019 میں پیش گوئی کی تھی کہ پاکستان کا مستقبل نام نہاد جمہوریت میں نہیں بلکہ صدارتی نظام میں ہے۔

اس موقع پر پوٹھوہار کے ایک اور جید عالم علامہ سعید احمد جلالی نے کہا کہ محفل گیارہویں شریف کے انعقاد کا مقصد دین اسلام کے لئے اسلاف کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کو یاد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان پاک محافل کے انعقاد سے برکت بھی ہوتی ہے اور ان محافل کے صدقے ملک میں امن کا بول بالا بھی ہوتا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے

عمران خان حرف ن، ریٹائرڈ جنرلز اور قبائل کی بدولت چین اور ایران سمیت نو ممالک کے سربراہ ہوں گے: پیر پنجر سرکار

https://www.humsub.com.pk/261618/newsdesk-2610/

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).