سلیکٹرز خان صاحب کی بیرون ملک تقریروں اور پریس کانفرنسوں پر پابندی لگا دیں: سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر بھروسہ نہ کریں کیونکہ وہ خود وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے خواہشمند ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ عمران خان کے سلیکٹرز ملکی سلامتی کی خاطر عمران خان کو باہر نہ جانے دیں، خان صاحب عالمی فورمز پر کان میں کہی ہوئی بات بھی بول دیتے ہیں۔ انہیں یہ سمجھنا چاہئیے کہ کنٹینرز اور عالمی فورمز میں فرق ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چند دوروں سے ثابت ہو گیا ہے کہ عمران خان کے دورے ان کی اور ملک کی صحت کیلئے نقصا ن دہ ہیں۔ عمران خان مقدمہ لڑنے کے بجائے پاکستان کو ہی کٹہر ے میں کھڑا کر دیتے ہیں۔ ایران گئے تو وہاں اپنے ملک پر دہشت گردی کا الزام لگا آئے۔ اب امریکہ جا کر القاعدہ کو پاک فوج کے کھاتے میں ڈال دیا۔

عمران خان کے غیرذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے بھارتی میڈیا میں پاکستان کا مذاق بنا ہوا ہے۔ خان صاحب کشمیر کا مقدمہ لڑنے گئے ہیں یا پاکستان کو دہشت گرد ملک ثابت کرنے۔ ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خان صاحب کا عالمی دوروں پر جانا ضروری ہو تو برائے مہربانی کوئی بڑا ساتھ بھیجا جائے۔ سلیکٹرز سے مطالبہ ہے کہ کم سے کم خان صاحب کے بیرون ملک خطابات اور پریس کانفرنسوں پر ہی پابندی لگا دیں۔ وزیر خارجہ خود وزارت اعظمی کے خواہشمند ہیں۔ ممکن ہے وزیر خارجہ خود خان صاحب سے اس طرح کے غلطیاں کرواتے ہوں۔ سلیکٹرز ملکی سلامتی کی خاطر عمران خان کو باہر نہ جانے دیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).