مسلم لیگ ن نے ملک میں عام انتخابات کا مطالبہ کر دیا
مسلم لیگ ن نے ملک میں عام انتخابات کا مطالبہ کر دیا۔ ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے شہبازشریف کے زیرصدارت مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو مشکل سے نکالنے کےلئے جلد عام انتخابات ضروری ہیں۔ ملک کو بند گلی سے نکالنے کےلئے آزادانہ اورشفاف انتخابات کرائے جائیں۔ عام انتخابات کےلئے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نوازشریف سیاست ۔ نفرت ۔ انتقام اور حسد کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ جج کی برطرفی کے باوجود نوازشریف کی سزا برقرار ہے۔ نوازشریف کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ لیگی رہنما نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کی رہائی اورحکومت سے نجات کےلئے مہم کا آغاز کریں گے۔ آزادی مارچ کے ساتھ تعاون کا فیصلہ کر چکے تھے۔ آزادی مارچ کی تاریخ کے لئے مشاورت کا آغاز کریں گے۔
رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے 5 اگست کے بعد 50 دن ضائع کئے۔ وزیراعظم نے کسی ملک کا دورہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انسانی حقوق کونسل میں ووٹ حاصل نہ کر سکی۔ حکومت نے قومی یکجہتی قائم کرنے کا موقع ضائع کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہیے تھا اپوزیشن کو ساتھ لے کر مظفرآباد جاتے۔ کیا حکومت نے او آئی سی اجلاس بلانے کےلئے کوئی اقدام اٹھایا ہے؟
احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم اور صدرٹرمپ کی بات چیت پر بھی ایوان کو اعتماد میں لیا جائے۔ رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ ن لیگ کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں بگڑتی ہوئی اقتصادی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ہمارادفاعی بجٹ سات ارب ڈالر سے بھی کم ہو گیا ہے۔ حکومت نے کاروبار بند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری جرائم میں اضافے کا باعث ہے۔ اقتصادی صورتحال سے متعلق حکومت کے پاس روڈ میپ نہیں۔ کھاد کی بوریوں کی قیمت میں اضافے سے کاشت میں کمی ہوئی۔


