عمران خان نے اقوام متحدہ میں اُردو زبان میں تقریر کی: وفاقی وزیر زرتاج گُل


وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گُل نے کہا کہ عمران خان ہی وہ وزیراعظم ہیں جنہوں نے شلوار قمیض، واسکٹ اور جیکٹ کو عزت دلوائی۔ انہوں نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان ہی ہیں جو اقوام متحدہ میں جا کر اپنی خوبصورت زبان اُردو میں بات کرتا ہے۔ وفاقی وزیر زرتاج گُل کے اس بیان پر حاضرین کو خاصی حیرانی ہوئی کیونکہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس سے 45 منٹ تک خطاب ضرور کیا لیکن انہوں نے اپنی تقریر اُردو زبان میں نہیں بلکہ انگریزی زبان میں کی تھی۔ وفاقی کابینہ کا حصہ ہونے کے باوجود وہ بے خبر ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں تقریر اُردو زبان میں کی تھی یا پھر انگریزی زبان میں ۔

کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا پر زرتاج گُل کے اس بیان پر مضحکہ خیز تبصرے بھی کیے اور کہا کہ معلوم نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف والے کون سا نشہ کرتے ہیں جو ان کو کچھ معلوم نہیں ہوتا لیکن بیان داغ دیتے ہیں جس سے ان کی غیر ذمہ داری کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ زرتاج گُل پر تنقید کرتے ہوئے کچھ صارفین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے لوگ تعریفیں کرنے اور خوش آمد کرنے میں ماہر ہیں اور زرتاج گُل اس کی تازہ مثال ہیں جنہوں نے حقائق جانے بغیر ہی وزیراعظم عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے اور کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ میں اُردو زبان میں تقریر کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).