مفتی انصاف شاہ لاپتہ، کسی کے پاس نہیں، انٹرمنٹ سینٹر میں موجود؟
پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ نے ایک ہی کیس میں دو مختلف جوابات پر خفیہ ایجنسی، سیکرٹری داخلہ خیبرپختونخوا، ڈائریکٹر لیگل وزارت دفاع اور لیگل سیل محکمہ داخلہ کے فوکل پرسن کو نوٹس جاری کرکے 14 اکتوبر کوعدالت میں طلب کر لیا۔ اس موقع پر درخواست گذار محمد تراب کے وکیل رضا خان صافی نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کا بھائی مفتی انصاف شاہ ضلع مہمند سے لاپتہ ہوا اس حوالے سے دو مختلف رٹ درخواستیں پشاور ہائیکورٹ میں دائر کی گئیں۔
جن میں ایک درخواست ہیومن رائٹس ڈائریکٹوریٹ اوردوسری پشاورہائی کورٹ میں دائرکی گئی رٹ کی سماعت کے دوران محکمہ داخلہ کے فوکل پرسن کامران اللّٰہ نے بتایا کہ درخواست گذارکسی ایجنسی کے پاس ہے اورنہ ہی وہ کسی انٹرنمنٹ سینٹرمیں موجود ہے ۔
اسی حوالے سے دوسری درخواست پر محکمہ داخلہ نے موقف اختیارکیا کہ مفتی انصاف شاہ غلنئی انٹر نمنٹ سینٹرمیں موجود ہے جس پر فاضل بنچ نے اپنے تحریری حکم نامے میں تعجب کا اظہار کیا ہے کہ کس طرح ایک ہی نوعیت کی درخواستوں پر محکمہ داخلہ ودفاع نے دو مختلف جوابات داخل کئے۔ دوران سماعت محکمہ داخلہ کے فوکل پرسن کامران اللّٰہ نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے جو جواب عدالت میں پیش کیا ہے وہ انہوں نے تحریری لیٹرز کی بنیاد پر داخل کیا ہے۔
جس پر فاضل بنچ نے سیکرٹری داخلہ خیبرپختونخوا، ایجنسی کے سربراہ، ڈائریکٹر لیگل وزارت دفاع اور لیگل سیل محکمہ داخلہ کے فوکل پرسن محمد سلیم کو اگلی پیشی پرعدالت طلب کر لیا۔


