غیر ملکی فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کو دھچکہ: الیکشن کمیشن نے چار درخواستیں مسترد کر دیں


الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی کے ذریعے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کے آڈٹ پر حکمراں جماعت کی جانب سے کیے گئے اعتراضات کی چار درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ سناتے ہوئے فریقین کو 14 اکتوبر کو اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا ۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن کا اجلاس 18 ماہ بعد یکم اکتوبر کو ہوا تھا، جس میں ان درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف بانی رکن اور درخواست گزار اکبر ایس بابر نے 2014ء میں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق کیس دائر کیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ پارٹی نے غیر قانونی غیر ملکی فنڈز میں پیسے اکٹھے کیے۔ الیکشن کمیشن نے آج کے فیصلے میں کہا ہے کہ اسکروٹنی کمیٹی اپنے فرائض جاری رکھے۔

خیال رہے کہ اکبر ایس بابر کی درخواست پر اسکروٹنی کمیٹی پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات کررہی ہے اور حکمران جماعت نے کمیٹی کی کارروائی لیک ہونے سے روکنے کی درخواستیں دی تھیں۔

بعد ازاں ایک سال سے زائد عرصے تک اس کیس کی سماعت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں تاخیر کا شکار ہوگئی کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اکتوبر 2015ء میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی کہ اس کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال سے الیکشن کمیشن پاکستان کو روکا جائے۔ یاد رہے کہ مارچ 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کے معاملات کو دیکھنے کے لیے ایک اسکروٹنی کمیٹی قائم کی گئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).