بھارت دہشت گردی کے بے بنیاد الزامات لگانے سے باز رہے: ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان پر دہشت گردی کے بے بنیاد الزامات لگانے سے باز رہے کیونکہ اس طرح کے الزمات خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کی جانے والی باہمی کوششوں کو سبوتاژ کرتی ہیں۔
دفترخارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران قاضی خلیل اللہ نے کہاکہ پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، دہشت گردی صرف بھارت نہیں پاکستان کا بھی مسئلہ ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور عالمی برادری اس کی معترف بھی ہے۔ بھارت پاکستان پر دہشت گردی کے بے بنیاد الزامات لگانے سے باز رہے کیونکہ اس طرح کے الزامات خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کی جانے والی باہمی کوششوں کو سبوتاژ کرتی ہیں۔
پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی تاریخ کے لیے دونوں ممالک رابطے میں ہیں اور مذاکرات کا شیڈول جلد طے کرلیا جائے گا، ہم امید کرتے ہیں بھارت سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات سے آگاہ کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب اورایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کردارکو سراہا گیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم جلد قطرکا دورہ بھی کریں گے۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).