برطانوی ہائی کمیشن نے بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، خسرو بختیار، پرویز خٹک، فواد چوہدری، فردوس عاشق اور نعیم الحق کو شاہی جوڑے سے ملنے نہیں دیا


پاکستان کے دورے پر آئے برطانوی شاہی جوڑے کے اعزاز میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے عشائیہ تقریب میں بدنظمی پیدا ہو گئی جس کی وجہ سے تقریب میں بہت سے مہمان آئے ہی نہیں اور آئے ہوئے بہت سے مہمان بھی واپس چلے گئے۔ برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے شاہی جوڑے کے اعزاز میں عشائیہ کی تقریب کے دوران وزیر داخلہ اور وزیر دفاع سمیت دیگر وزراء کو شاہی مہمانوں کے قریب جانے نہیں دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا تھا جس میں پاکستان کی سیاسی، سماجی اور حکومتی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

بر طانوی ہائی کمیشن کے جاری دعوت نامہ میں یہ ہدایات دی گئی تھیں کہ 6بجے سے پہلے آپ نے ہر صورت شکر پڑیاں عشائیہ میں شر کت کیلئے پہنچنا ہے اس کے بعد تقر یب میں شر کت کی اجازت نہیں ہوگی۔ دعوت نامے پر ہدایات کی وجہ سے وزراء سمیت تحر یک انصاف کی دیگر شخصیات تقریب میں پہنچ گئیں لیکن وہاں بیٹھنے کیلئے انتظامات بھی نہیں کیے گئے تھے جس کے باعث متعدد مہمان تقریب چھوڑ کر واپس چلے گئے۔

دوسری جانب سکیورٹی وجوہات کا بہانہ بناتے ہوئے وفاقی وزراء سمیت دیگر افراد کو وہاں بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی جہاں شہزاد ولیم اورکیٹ میڈ لٹن عام لوگوں سے مل رہے تھے۔ حکومتی وفد میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، وزیر ترقی و منصوبہ بندی خسر وبختیار، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان اور نعیم الحق سمیت دیگر شامل تھے۔ اس ناروا سلوک پر حکومتی وفد نے یہ معاملہ بر طانوی سفیر کے ساتھ بھی اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).