مریم نواز کی نواز شریف سے ملاقات کی درخواست مسترد


لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کی اپنے والد سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی۔

چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور یوسف عباس کو نیب کی ٹیم نے احتساب عدالت میں پیش کیا، مریم نواز نے سماعت کے دوران نواز شریف سے ملاقات کی درخواست کی۔ مریم نواز نے عدالت سے استدعا کی کہ میں جیل واپسی پر اپنے والد کو دیکھنا چاہتی ہوں، اگر عدالت ایک گھنٹے کی مہلت دے تو میں اسپتال میں اپنے والد میاں نواز شریف سے ملاقات کر لوں گی۔

لاہورکی احتساب عدالت نے مریم نواز کی نواز شریف سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی، جج نے قرار دیا کہ یہ عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں۔

مریم نواز نےکمرۂ عدالت میں اپنے بیٹے جنید صفدر سے اپنے والد میاں نواز شریف اور شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی خیریت دریافت کی۔

سماعت کے بعد کمرۂ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا ہے کہ جج صاحب سے اجازت مانگی تھی کہ عدالت سے جیل واپس جاتے ہوئے مجھے ایک گھنٹے کے لیے والد کی عیادت کرنے دی جائے لیکن انہوں نے اجازت نہیں دی۔

میڈیا نمائندوں نے مریم نواز سے استفسار کیا کہ ڈاکٹر عدنان نے ٹویٹ کی تھی کہ آپ کی بھی طبیعت ٹھیک نہیں ہے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں ٹھیک ہوں۔

اس سے قبل چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور یوسف عباس کی پیشی کے موقع پر لاہور کی احتساب عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، آنے والے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).