ڈاکٹرز کے انکار کے باوجود مریم نواز کی گرفتاری کے لئے رات دیر گئے پولیس کی گھیرا بندی مکمل


مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

لیگی رہنماﺅں کے مطابق رات کے 3 بجے سے پولیس اہلکار کوشش کر رہے ہیں کہ کسی طرح مریم نواز کو گرفتار کرکے واپس کوٹ لکھپت جیل پہنچا دیا جائے۔ ڈاکٹرز نے مریم نواز کی طبیعت کی پیش نظر ایسی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے لیکن پولیس اہلکاروں کا اصرار ہے کہ انہیں اوپر سے گرفتاری کے آرڈرز آئے ہیں۔

سروسز ہسپتال کے وی وی آئی پی بلاک کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے جو کارکنوں کو اپنے قائدین سے ملنے سے روکنے کے ساتھ ساتھ مریم نواز کی گرفتاری کے احکامات کا بھی انتظار کر رہی ہے۔ خیال رہے کہ سروسز کے وی وی آئی پی کمرہ نمبر ایک میں نواز شریف اور کمرہ نمبر 2 میں مریم نواز زیر علاج ہیں۔

لیگی رہنما حنا پرویز بٹ کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز لاہور فیصل شہزاد بھی ہسپتال پہنچ گئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق سروسز ہسپتال میں مریم نواز کو واپس جیل منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، ایس پی سٹی بھی موقع پر موجود ہیں اور سکیورٹی بھی بڑھادی گئی ہے، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کسی بھی وقت مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جاسکتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).