نوازشریف کا مرغن غذاؤں کی وجہ سے کولیسٹرول بڑھا: فردوس عاشق اعوان


مشیرِ اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیماری کے حوالے سے کہا ہے کہ نوازشریف کا مرغن غذاؤں کی وجہ سے کولیسٹرول بڑھا اور وہ بیمار ہوئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیرون ملک جانے کا فیصلہ عمران خان نہیں ڈاکٹرز کریں گے۔ مشیرِ اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ قانون اور آئین کی بالادستی اور اداروں کی مضبوطی کا عزم دہرایا، ایمرجنسی اور زندگی کو لاحق خطرہ کی تشخیص ماہرین صحت نے کرنی ہے، محمد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے عدالت جو بھی فیصلہ کریگی حکومت اس پر من و عن عملدآرمد کریگی، کوئی بھی فیصلہ کسی شخصیت کی خواہشات کے تابع نہیں ہو گا۔

نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 20ہزار تک آگئے ہیں، ہر آنے والے دن اس میں بہتری آئے گی، صحت مند نواز شریف ہی ہم سب کے لئے اہم ہیں، اب مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی بیماری کی آڑ میں حکومت پر تنقید کی بجائے کوئی اور ذریعہ تلاش کرے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نئے پاکستان میں تمام فیصلے آئین اور قانون کے مطابق ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تمام ہسپتالوں میں زیر علاج ہر مریض نواز شریف ہے، مریضوں میں بھی تفریق ختم ہونی چاہیے، تمام جیلوں کی انتظامیہ سے گذارش ہے کہ وہ ایسے تمام مریضوں کی فہرستیں شیئر کریں جو جیل میں قید کاٹتے ہوئے مہلک بیماریوں کا شکار ہوئے ہیں، شخصیات اور انسانیت میں فرق ختم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ عمران خان کے خلاف اپوزیشن کیچڑ اچھالے اور اس کے باوجود حکومت ان کے گلے میں پھولوں کے ہار ڈالے، اینٹ کا جواب پتھر سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس عوام کی خدمت، ریلیف کی فراہمی، تعمیر و ترقی کے میگا پراجیکٹس موجود ہیں اس لئے جن کے پاس کرنے کے لئے کچھ نہیں ہے وہ بیماری پر سیاست کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی پنجاب کو فون کر کے ہدایات دی ہیں کہ نواز شریف کو صحت کی اچھی سہولیات فراہم کی جائیں، شریف فیملی کو اعتماد میں لیکر ملک کے جس ہسپتال میں علاج کے لئے جانا چاہیں جائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).